چترال میں کور کمانڈر 11 کور فٹبال کپ کے انعقاد کی تیاریاں شروع، ٹیموں کی رجسٹریشن کا آغاز

چترال (نامہ نگار۔) کور کمانڈر پشاور، لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری کی جانب سے چترال کے نوجوانوں کے لیے اعلان کردہ کور کمانڈر 11 کور فٹبال کپ کے انعقاد کے سلسلے میں تیاریوں کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں شرکت کے خواہشمند کلبوں اور ٹیموں کی رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کور کمانڈر پشاور نے اپنے حالیہ دورۂ چترال کے موقع پر نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک معیاری فٹبال ٹورنامنٹ کے انعقاد کا اعلان کیا تھا۔ اس اعلان پر عملدرآمد کے لیے چترال سکاؤٹس نے عملی اقدامات شروع کردئیے ہیں اور ضلعی انتظامیہ، ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن (DFA) اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس کے باہمی اشتراک سے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
ٹورنامنٹ کے تمام انتظامی امور کی نگرانی چترال سکاؤٹس کی 143 ونگ کے کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل حسن بن عباس کر رہے ہیں جبکہ متعلقہ ادارے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔
کور کمانڈر11 کور فٹبال کپ کا افتتاح آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے، جس میں اپر اور لوئر چترال کی مختلف ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ٹورنامنٹ کے قواعد کے مطابق صرف مقامی کھلاڑیوں کو شرکت کی اجازت ہوگی، جبکہ ضلع سے باہر کے کھلاڑی (آؤٹ آف ڈسٹرکٹ پلیئرز) ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
ٹورنامنٹ کے اعلان کے بعد چترال بھر میں فٹبال سے وابستہ کھلاڑیوں، کلبوں اور کھیلوں کے شائقین میں نمایاں جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ مقامی نوجوانوں اور سپورٹس حلقوں نے اس اقدام کو چترال میں کھیلوں کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کور کمانڈر پشاور، افواج پاکستان اور چترال سکاؤٹس کی کاوشوں کو سراہا ہے۔
واضح رہے کہ کور کمانڈر پشاور، لیفٹیننٹ جنرل عمر بخاری نے اپنے دورۂ چترال کے دوران ایک جدید اور معیاری فٹبال گراؤنڈ کی تعمیر کا بھی اعلان کیا تھا، جس پر عملدرآمد کے لیے ابتدائی اقدامات جاری ہیں۔



