پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کے مثبت اثرات اور فوائد بلا تاخیر عوام تک پہنچنے چاہییں۔ اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر اپر چترال

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کے بعد اس کے فوائد عوام تک پہنچانے کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر اپر چترال کے دفتر میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر، عدنان حیدر ملوکی نے کی۔اجلاس میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر موڑکھو تورکھو، تحصیلدار مستوج، ایس ڈی پی او سرکل مستوج، اڈہ مالکان، ڈرائیور یونین کے نمائندگان، ٹریفک وارڈن، میڈیا نمائندگان اور دیگر متعلقہ اہلکار موجود تھے۔اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کمی کے ثمرات اور فوائد بلا تاخیر عوام تک پہنچنے چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام اور ڈرائیور برادری، دونوں کے حقوق کا مکمل خیال رکھتے ہوئے کرایہ نامہ مقرر کرتی ہے، جس کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا براہِ راست فائدہ عوام تک پہنچانا ہے۔انہوں نے ڈرائیور یونین اور اڈہ مالکان کو سختی سے ہدایت کی کہ تمام ڈرائیور سرکاری نرخ نامے کے مطابق کرایہ وصول کریں اور مقررہ کرایوں سے تجاوز کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس میں باہمی مشاورت کے بعد نئے کرایہ نامے کی منظوری دی گئی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے پولیس اور ٹریفک عملے کو بھی ہدایت کی کہ چیکنگ کے نظام کو روزانہ کی بنیاد پر مؤثر اور منظم بنایا جائے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ کرایہ نامے اڈوں اور پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں نمایاں مقامات پر آویزاں کیے جائیں۔مزید برآں، انہوں نے ٹریفک وارڈن کو بازار میں غیر قانونی طور پر گاڑیاں کھڑی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔یاد رہے کہ جب سے اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر عدنان حیدر ملوکی اپر چترال میں تعینات ہوئے ہیں، وہ شب و روز قانون کی بالادستی قائم کرنے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔





