آیون میں بیکری اسٹور سمیت 3 دکانوں میں سنسنی خیز آتشزدگی، لاکھوں کا نقصان؛ فائر بریگیڈ یونٹ کے قیام کا مطالبہ

چترال (نمائندہ)آیون کورو میں واقع معروف کاروباری مرکز ’آیون سویٹس اینڈ بیکرز‘ کے اسٹور میں آج علی الصبح اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ملحقہ دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کے اس دردناک واقعے میں بیکری اسٹور سمیت تین دکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کے نتیجے میں لاکھوں روپے کا مال و اسباب جل کر خاکستر ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق آگ صبح کے وقت اچانک نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور رضاکار بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے اور اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ گھنٹوں کی سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا، تاہم اس وقت تک تین دکانوں کو بھاری مالی نقصان پہنچ چکا تھا۔ آگ لگنے کی حتمی وجہ فی الحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے آتشزدگی کے اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ تاجروں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
اہالیانِ علاقہ نے حکومتِ خیبر پختونخوا، ضلعی انتظامیہ اور ٹی ایم اے لوئر چترال سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ آیون کی مسلسل بڑھتی ہوئی آبادی اور آئے روز پیش آنے والے آتشزدگی کے حوادث کے پیش نظر علاقہ میں فائر بریگیڈ کا ایک مختصر ذیلی یونٹ فوری طور پر قائم کیا جائے تاکہ مستقبل میں کسی بھی ناگہانی آفت کی صورت میں بروقت امدادی کارروائی ممکن بنائی جا سکے اور شہریوں کے مال و اسباب کو نقصان سے بچایا جا سکے۔ علاوہ ازیں عوامی حلقوں نے حکومت اور انتظامیہ سے متاثرہ تاجروں کی فوری مالی امداد اور ان کی بحالی کے لیے اقدام کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔



