چترال ویٹرن فٹبال لیگ 2026فائنل ٹرافی چترال سرکارٹیم نے اپنے نام کرلی

چترال (نامہ نگار) ضلعی انتظامیہ، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس اور چترال ویٹرن فٹبال ایسوسی ایشن کے باہمی اشتراک سے منعقدہ ویٹرن فٹبال لیگ 2026 کا فائنل پریڈ گراؤنڈ چترال میں کھیلا گیا، جس میں دروش ویٹرن فٹبال ٹیم اور چترال سرکار کی ٹیم کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف برتری حاصل نہ کرسکیں، جس کے بعد فیصلہ پنالٹی ککس کے ذریعے کیا گیا۔ پنالٹی ککس میں چترال سرکار کی ٹیم نے کامیابی حاصل کرکے ویٹرن فٹبال لیگ 2026 کی فائنل ٹرافی اپنے نام کرلی۔
فائنل میچ کے مہمان خصوصی معروف سیاسی و سماجی شخصیت الحاج عیدالحسین نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چترال کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف انہیں مناسب مواقع اور سہولیات فراہم کرنے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چترال کے باصلاحیت نوجوانوں نے کھیلوں کے میدان میں علاقے کا نام روشن کیا ہے اور قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چترال کے نوجوان آئندہ بھی مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کریں گے۔
تقریب میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر لوئر چترال قاضی محمد خالد، امیر جماعت اسلامی وجیہ الدین، پیپلز پارٹی کے نوجوان رہنما سکندر حیات، منیر چارویلو، عنایت اللہ اسیر، فدا الرحمن فدا، ضیاء الرحمن، خورشید احمد، سیف الامین، صدر فٹبال ایسوسی ایشن سعود احمد آزاد، صدر ویٹرن فٹبال ایسوسی ایشن ظفر علی شاہ المعروف گل آغا، خالد اعظم، فاروق اعظم، سید سیف اللہ جان سمیت دیگر شخصیات نے کھیلاڑیوں میں ٹرافیاں اورانعامات تقسیم کیں۔









