، حیوانات ہمارا سرمایہ اور اے ٹی ایم کارڈ کی طرح ہیں ، جس وقت ضرورت پڑے بیچ کر اپنی ضرورت پوری کر سکتے ہیںڈاکٹر غلام محمد

چترال (نامہ نگار ) ڈائریکٹر لائیو سٹاک چترال لوئر ڈاکٹر غلام محمد نے کہا ہے ، حیوانات ہمارا سرمایہ اور اے ٹی ایم کارڈ کی طرح ہیں ، جس وقت ضرورت پڑے بیچ کر اپنی ضرورت پوری کر سکتے ہیں ، جبکہ دودھ اور گوشت کے فوائد الگ ہیں ، لیکن افسوس کا مقام یہ ہے ۔کہ ان فوائد کے باوجود ان کی پرورش و نگہداشت پر اتنی توجہ نہیں دی جارہی ، جتنی توجہ دینی چاہئیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آیون وٹرنری ہسپتال میں انٹیگریٹڈ لائیو سٹاک ڈویلپمنٹ پروجیکٹ خیبر پختونخوا کے تحت منعقدہ آگہی مہم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مقامی زمینداروں اور مال مویشی پالنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ جانور ادویات اور بروقت ویکسینیشن سے جسمانی طور پر مضبوط اور فربہ ہوتے ہیں ، اور ان کی دودھ کی پیداواری صلاحیت میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔ لیکن زمینداروں کی عدم دلچسپی اور اس حوالے سے آگہی نہ ہونے کے سبب وہ اچھی پیداوار حاصل کرنے سے قاصر رہتے ہیں ،
ڈاکٹر غلام محمد نے کہا ۔ کہ کراس بریڈنگ سے اچھی نسل کے گائے چترال میں پیدا ہوچکے ہیں ، جو روایتی نسل سے کہیں زیادہ دودھ دیتی ہیں ۔ اور یہ بات بھی نہایت خوش آیند ہے کہ 99 فیصد مادہ بچی پیدا ہو رہی ہیں ،
انہوں نے کہا ۔ کہ بعض اوقات معمولی قیمت کی ادویات کی بروقت فراہمی میں کوتاہی کی وجہ سے لاکھوں روپے کے حیوانات سے ہاتھ دھونا پڑتا ہے ۔
انہوں نے مقامی طور پر حیوانات کیلئے فیڈ تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ، اور مویشی خانوں کے اندر گوبر کی صفائی کو انتہائی ضروری قرار دیا ۔
اس موقع پر ڈاکٹر امداداللہ فوکل پرسن ڈسٹرکٹ پراجیکٹ ( احساس بے زبان صحت گاڑی ) انٹیگریٹڈ لائیو سٹاک ڈویلپمنٹ پروجیکٹ فیز 1 نے اپنے خطاب میں کہا ۔ کہ اس پروجیکٹ کے تحت جو موبائل لیب گاڑی فراہم کی گئی ہے ۔ اس میں خون اور دودھ ٹیسٹ کرنے کے ساتھ ساتھ الٹراساؤنڈ کی سہولت موجود ہے ۔ تاکہ بروقت حمل یعنی ( گابن ) کے حوالے سے اور مختلف بیماریوں کی تشخیص کے بارے میں معلومات حاصل کئے جاسکیں ، اور یہ سروس حکومت کی طرف سے زمینداروں کو فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے لوگوں کو خبردار کیا ۔ کہ پاکستان میں کئی نئی بیماریاں آچکی ہیں ، ان میں چترال اور آیون میں منتقل ہونے والا لمپی سکن کی بیماری شامل ہے ، جس میں حیوانات کے جسم پر دانے نکل آتے ہیں ۔ اس کی بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں نقصان کا اندیشہ ہے ، جبکہ اس کی بروقت ویکسینیشن اس بیماری کا بہترین علاج ہے ۔ انہوں نے آیون میں اس بیماری کے تدارک کیلئے ڈاکٹر سرور حسین کے بروقت اقدامات کو سراہا ۔
انچارج وٹرنری ہسپتال آیون ڈاکٹر سرور حسین نے اپنے خطاب میں کہا ۔ کہ 80 فیصد حیوانات کی بیماریاں زمینداروں کی بے توجہی اور غفلت کی وجہ سے آتی ہیں ۔ حیوانات کو سال میں چار مرتبہ کیڑے مار ادویات پلانی چاہئیں ، اور ویکسینیشن کرنی چاہئیں ۔ جبکہ مناسب اور صاف خوراک ، مویشی خانوں کی صفائی صحتمندی کیلئے انتہائی ضروری ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ سائنسی بنیادوں پر جو معلومات زمینداروں کو آگہی اور معلومات کیلئے فراہم کئے جا رہے ہیں ۔ اگر وہ اس پر عمل کریں ، تو حیوانات کی اموات میں کی ہو گی اور بہت زیادہ فوائد حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔
اس موقع پر سابق چیرمین یونین کونسل آیون نے اپنے خطاب میں سیکرٹری لائیو اسٹاک ، ڈائریکٹر لائیو سٹاک چترال غلام محمد ، ڈاکٹر امداد اللہ اور ڈاکٹر سرور حسین کا آگہی پروگرام منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔ اور ان کے اقدامات کی تعریف کی ۔ انہوں نے اس قسم کا آگہی پروگرام آیون کے خواتین کیلئے بھی منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔
بعد آزان ڈائریکٹر لائیو اسٹاک نے حاضرین میں مال مویشیوں کیلئے ادویات تقسیم کئے گئے ۔







