تازہ ترین

آئی جی ایف سی نارتھ کی ہدایت پر چترال سکاؤٹس ہسپتال میں دو روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد ،سینکڑوں افراد کا معائنہ اور علاج

چترال (ڈیلی چترال نیوز)اک فوج دفاعِ وطن کے ساتھ ساتھ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت بھی پیش پیش ہے۔ انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ کی خصوصی ہدایت پر چترال سکاؤٹس ہسپتال میں دو روزہ  فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاک فوج کے ماہر ڈاکٹروں اور طبی عملے نے سینکڑوں مقامی افراد کا طبی معائنہ کیا۔ کیمپ سے مستفید ہونے والوں میں مرد، خواتین اور بچے شامل تھے۔

فری میڈیکل کیمپ میں میڈیکل، سرجیکل، چائلڈ، سکن، گائناکالوجی، ای این ٹی اور ڈینٹل کے ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا معائنہ کیا اور انہیں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کیں۔ اس موقع پر مریضوں کو مفت طبی معائنے کے ساتھ ادویات، زخموں کی مرہم پٹی اور دیگر طبی سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔ کیمپ میں بخار، دمہ، خون کی کمی، نمونیا، وٹامنز کی کمی، جوڑوں کے درد اور دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کا معائنہ اور علاج کیا گیا۔ مقامی لوگوں نے چترال سکاؤٹس کی جانب سے مفت طبی کیمپ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اسے عوامی خدمت کا ایک قابلِ قدر اقدام قرار دیا۔

میڈیکل کیمپ میں ماہرِ امراضِ جلد، امراضِ خون، بچوں کے امراض، سرجری، امراضِ نسواں اور دندان سازی کے ماہرین نے خدمات انجام دیں۔ اس دوران مجموعی طور پر 2,176 افراد نے طبی سہولیات سے استفادہ کیا، جبکہ مریضوں کے لیے الٹراساؤنڈ، لیبارٹری ٹیسٹ، ایکسرے اور ای سی جی کی مفت سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔کیمپ کے دوران تقریباً 21 لاکھ 40 ہزار روپے مالیت کی ادویات بھی مفت تقسیم کی گئیں

میجرڈاکٹر آصف  نیازی نے بتایا کہ آئی جی ایف سی نارتھ کی ہدایت پر چترال اسکاؤٹس ہسپتال میں صحت کارڈ کی سہولت بھی متعارف کرائی گئی ہے، جس کے تحت ہر قسم کی سرجری اور مختلف طبی سہولیات مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ ان سہولیات میں مختلف اقسام کے ٹیسٹ، سی ٹی اسکین، بایوپسی، گردے کی پتھری کا علاج، اپینڈکس کے آپریشن اور سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی دیگر سہولیات شامل ہیں۔ اس پروگرام کے تحت فی مریض تقریباً دو سے چار لاکھ روپے مالیت تک کا علاج بالکل مفت فراہم کیا جاتا ہے۔

لیفٹیننٹ کرنل ڈاکٹر مظفر، ڈاکٹر شیزہ طارق، ڈاکٹر رتبہ امجد، ڈاکٹر سارہ، میجر ڈاکٹر حنا واحد اور دیگر ڈاکٹروں کا کہنا تھا ک تھا کہ چترال میں بعض بیماریوں کی تشخیص اور علاج کی سہولیات محدود ہونے کے باعث مریضوں کو مزید علاج کے لیے پشاور ریفر کرنا پڑتا ہے، جس سے انہیں سفری مشکلات اور اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تاہم، اس مفت طبی کیمپ کے دوران مختلف بیماریوں کی بروقت تشخیص کرکے مریضوں کو علاج اور ادویات فراہم کی گئیں، جس سے مقامی لوگوں کو اپنے علاقے ہی میں طبی سہولیات میسر آئیں اور انہیں کافی فائدہ پہنچا۔ ڈاکٹروں کے مطابق ایسے طبی کیمپ دور دراز علاقوں کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اس طبی کیمپ کے ذریعے مفت طبی سہولیات حاصل کرنے والے مریضوں نے پاک فوج اور چترال اسکاؤٹس ہسپتال کی انتظامیہ اور طبی عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں اس طرح کے مفت طبی کیمپوں کا انعقاد صحت کے مسائل حل کرنے میں انتہائی معاون ثابت ہوتا ہے۔ علاقے کے عوام نے پاک فوج اور چترال اسکاؤٹس کی جانب سے انسانی خدمت پر مبنی اس کاوش کو سراہتے ہوئے انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button