281

صوبیدار جلال الدین انتقال کر گئے ( شیرولی خان اسیرؔ)

زوندرے خاندان کے معمر تریںن شخصیت اور سربراہ صوبیدار جلال الدین 94 سال کی عمر میں مختصر علالت کے بعد 26 اور 27 اپریل کی رات چوئینج میں اپنے گھر انتقال کر گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ اللہ پاک مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں جگہہ دے، امین! ان پر چند روز پہلے فالج کا اَٹیک ہوا تھا۔ مرحوم چارویلو صاحب نگین کے بڑے فرزند اور تحریک آزادی کے لیڈروں میں سے تھے۔ 1949 میں اپنے والد اور چچا محمد سعید خان لال المعروف بلبل لال کے ساتھ قید و بند کی سزا بھی برداشت کی تھی۔ ریاستی دور میں باڈی گارڈ کے صوبیدار کے عہدے پر کام کیا تھا۔اس لیے وہ پہلے” دودوشایو صوبیدار” کے نام سے معروف تھے۔ بعد میں چوئینج میں سکونت اخیتیار کی تو چونجو صوبیدار کہلانے لگے۔ بعد میں ریاست کے مختلف عہدوں پر کام کیا۔ ریاست کے انضمام کے بعد بھی سرکاری عہدے پر بطور کلرک کام کرکے ساٹھ سال کی عمر میں پنشن پاکر اور خانہ نشین ہوگئےتھے۔
جوانی میں چترال پولو فرسٹ ٹیم کےپولو کے نامور کھلاڑی رہے۔ ان کا پولو کھیلنا خاص کرکے ان کا “طمپوق” ضرب المثل تھا۔ پولو میچوں کے دوران اگر کوئی بہت ہی اچھا کھیل کا مظاہرہ کرتا تو کہا جاتا کہ جلال الدین کی طرح کھیلا۔ ان کی گھڑ سواری اور مست حسین جوانی دونوں قابل رشک تھے۔ تماشائی ان کا کھیل دیکھنے کی آرزو میں میلوں سفر کرکے پولو گراؤنڈ پہنچا کرتے تھے۔ پولو سے ریٹائر ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ پولو کمیٹی کے ممبر رہے اور آخر عمر تک پولو کی ترقی اور ترویج کے لیے کام کیا اور اسکے ساتھ منسلک رہے۔
جلال الدین مرحوم شاعر بھی تھے۔ ان کا ایک گیت مشہور اور زبان زد عام رہا۔ ؎ “عمر مثالی ژویو اوغ مہ ژانئے بیرو چے بیر” انتہائی ہر دلعزیز، خوش مزاج اور پیار کرنے والے بزرگ تھے۔ اگرچہ رشتے میں میرے بھائی تھے لیکن ہمارے لیے تو گویا باپ کی جگہہ تھے۔ آج ہم اپنے ایک مشفق بزرگ کی سر پرستی اور دعاؤں سے محروم ہوگئے۔
آپ نے اپنے پیچھے چار بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑے ۔ آپ کے بڑے فرزند سلطان الدین چترال سکاؤٹس سے آنریری کپتان ریٹائرڈ ہیں۔ ان سے چھوٹے نورالدین نائیب تحصیلدار ہیں۔ تیسرے نمبر کا بیٹا فیض الدین بھی سرکاری ملازمت سے وابستہ ہے جب کہ سب سے چھوٹے اسلام الدین پٹواری کے نائیب تحصیلدارکے عہدے پر کام کررہاہے۔ ان کی بڑی بیٹی ریٹائرڈ کمشنر سلطان وزیر کے عقد میں ہیں۔ جبکہ ان سے چھوٹی کروئے جنالی بونی کے ناظم خان رضاخیل کی بیگم ہیں۔ مرحوم کے تین بھائی اقبال نگین ذراعت آفیسر (ر)، سراج الدین پوسٹماسٹر اور تاج الدین پہلے وفات پا چکے ہیں۔ بھائیوں میں ٹھیکے دار قاسم اورکمال الدین اور اکلوتا چچازاد بھائی سردار نگین حیات ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں