پی پی پی سب ڈویژن مستوج کے سینئر کارکنان کا اجلاس، 9ستمبر کے اجلاس اور اس کی کاروائی کو یکسر مسترد
چترال (نمائندہ ڈیلی چترال نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی سب ڈویژن مستوج کے سینئر کارکنان کا ایک اجلاس بونی کے مقام پر منعقد ہو ا جس میں 9ستمبر کے اجلاس اور اس کی کاروائی کو یکسر مسترد کردیا گیا ۔ تینوں تحصیلوں تورکھو، موڑکھو اور مستوج کے گوشے گوشے سے آ نے والے سینئر کارکنان کا موقف تھا کہ یہ اجلاس دوسری جماعتوں کی طرف سے پی پی پی کو ہائی کرنے اور کئی ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کی سازش تھی اور اس مقصد کے لئے اس اجلاس میں دوسری جماعتوں کے کارکن بھی پی پی پی کا لبادہ اوڑھ کر شریک ہوئے تھے ۔ پی پی پی تحصیل تورکھو کے سابق صدر محمد نادر خان کے زیر صدارت اس اجلاس کے شرکاء نے پارٹی چیر مین بلاول بھٹو زرداری اور صوبائی صدر سے پرزور مطالبہ کیا کہ دوسری جماعتوں کے ایجنٹوں کو اس پارٹی کے اندر سرایت کرنے اور اسے ناقابل تلافی نقصان پہنچانے والوں کی حوصلہ شکنی کی جائے جوکہ گزشتہ دونوں بلدیاتی انتخابات میں دوسری جماعتوں کے آلہ کار بن گئے اور گزشتہ بلدیاتی الیکشن میں بھی پارٹی کے پلیٹ فارم سے منتخب کونسلروں کو دوسری جماعتوں کے حوالے کرنے میں کردار ادا کیا۔ اجلاس سے مستنصر الدین، سردار حسین، محمد نواب، سید برہان شاہ، شمس الرحمن لال، ابولیث رامداسی، میر ایوب خان، محمد زاہد، دوردانہ شاہ، اور دوسرے موجود تھے۔