پاکستان اور چین کے درمیان تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے شعبوں اور دونوں ممالک کی متعلقہ وزارتوں کے مابین اتفاق
پاکستان اور چین کے درمیان تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کی متعلقہ وزارتوں کے مابین تعاون بڑھانے پر اصولی اتفاق طے پا گیا۔ یہ اتفاق رائے وفاقی وزیر برائے قومی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت انجینئر بلیغ الرحمان اور چین کے وزیر تعلیم چن بیشنگ کے درمیان پیرس میں یونیسکو جنرل کانفرنس کے 39ویں سیشن کے موقع پر ملاقات میں ہوا۔ انہوں نے طلباء اور اساتذہ وفود کے تبادلوں کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی‘ سماجی و اقتصادی تعلقات سے استفادہ کیا جاسکے۔ ملاقات میں پاکستان کے سفیر اور یونیسکو میں مستقل مندوب معین الحق اور چینی سفیر ین شنگ بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے سی پیک کے حوالے سے تربیت یافتہ افرادی قوت کی فراہمی کے لئے تعلیم و تربیت کے شعبہ میں چین کے تعاون پر زور دیا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر نے یونیسکو جنرل کانفرنس کے 39ویں سیشن کے افتتاحی اجلاس میں بھی شرکت کی۔