مالی بحران، خیبرپختونخوا کی جامعات میں نئی بھرتیوں پر پابندی عائد

خیبرپختونخوا کی سرکاری جامعات میں مالی بحران کے باعث نئی بھرتیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نئی بھرتیوں کے لیے پہلے فنڈز فراہم کیے جائیں گے اور پھر نئی بھرتیوں کا اشتہار دیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ کی حکومت بھی اس وقت مالی بحران کا شکاردکھائی دے رہی ہے جس کی وجہ سے حکومت نے نئی بھرتیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ذرائع کے مطابق سرکاری یونیورسٹیوں میں بھرتی کے لیے پہلے فنڈز کو مختص کیا جائے گا اور بعد ازاں بھرتی کی جائے گی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے ہدایت کی ہے کہ جلد از جلد اس معاملے کو حل کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔حکومتی فیصلے کے بعد ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے تمام جامعات کے وائس چانسلروں کو مراسلہ بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کسی قسم کی نئی بھرتی کیلئے کمیشن سے این او سی کا حصول لازمی ہوگا۔



