303

مختلف ٹور ازم سرگرمیوں….قاقلشٹ فیسٹویل، چیلم جوشٹ فیسٹویل، ، شندور پولو فیسٹویل، اور کیلاش اوچاو فیسٹویل شامل

پشاور (نمائند ہ)خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے سلسلے میں آنے والے موسم گرما کے دوران کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد کا پلان تیار کر لیا ہے جس کے تحت کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کے مختلف پروگرامز اور فیسٹولز منعقد کیے جائیں گے۔  جن میں ڈیرہ جات فیسٹویل کے علاوہ ٹور دی خیبر سائکلنگ ریس، ماونٹین بائیک ریلی، قاقلشٹ فیسٹویل، چیلم جوشٹ فیسٹویل، کرم فیسٹویل، ہزارہ میوزیکل فیسٹویل، شندور پولو فیسٹویل، ناران فیسٹویل، 4×4 ٹرانز ہمالیاز ریلی اور کیلاش اوچاو فیسٹویل شامل ہیں۔  یہ سرگرمیاں رواں مہینے کے آخر سے لیکر اگست کے مہینے تک منعقد کی جائیں گی جن کے کامیاب انعقاد کے لئے محکمہ سیاحت، کھیل اور ثقافت پیشگی انتظامات اور تیاریوں کو حتمی شکل دے رہا ہے۔  اس سال موسم گرما میں صوبے میں منعقد کئے جانے والی ان سرگرمیوں میں بہت بڑی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی آمد متوقع ہے جن کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔  یہ بات وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت صوبے میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس میں بتائی گئی۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری نے خصوصی طور پر اجلاس میں شرکت کی۔   اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے کے سیاحتی مقامات کی سیر کرنے والے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی سہولت کے لئے تمام چھوٹے بڑے سیاحتی مقامات کی جیو میپنگ اور پروفائلنگ کا عمل مکمل کرکے گوگل میپ پر ڈال دیا گیا ہے اسی طرح سیاحتی مقامات میں ہوٹلز، ریسٹ ہاوسز، کیمپنگ پاڈز، اور دیگر ضروری خدمات اور سہولیات کی تفاصیل کی آن لائن فراہمی کے لیے ویب سائٹ اور موبائل ایپ تیار کرلئے گئے ہیں جن کی مدد سے سیاحوں کو درکار سہولیات اور خدمات کی فراہمی سے متعلق معلومات آن لائن دستیاب ہوگئی ہیں۔  مزید برآں سیاحوں کو محکمہ سیاحت کے زیر انتظام ریسٹ ہاوسز کی بکنگ اور کرایے کی ادائیگی کے لئے آن لائن بکنگ اور پیمینٹ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ اسی طرح سیاحوں کی سہولت کے لئے ٹورسٹ فیسیلیٹیشن ھب کے ساتھ ساتھ 24/7 ہلیپ لائن کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے اور سیاح ہیلپ لا ئن نمبر 1422 پر رابطہ کرکے کسی بھی قسم کی مدد، خدمت اور معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔  مزید بتایا گیا کہ صوبے میں دس نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی اور انہیں مکمل سیاحتی مقامات میں ترقی دینے کے منصوبے پر ٹائم لائینز کے مطابق پیشرفت جاری ہے اس سلسلے میں فیزیبلٹی اور ماسٹر پلاننگ کے لئے کنٹریکٹ ایوارڈ کیا جاچکا ہے۔ اسی طرح عالمی بینک کی معاونت سے صوبے میں اینٹگریٹڈ ٹورازم زونز کے قیام کے سلسلے میں ٹھنڈیانی ایبٹ آباد اور مانکیال سوات کو ترجیحی منصوبوں کے طور پر اینٹگریٹڈ ٹوارزم زونز بنانے پر بھی پیشرفت جاری ہے اور اس سال مئی کے آخر تک ان منصوبوں کے ماسٹر پلانز کی تیاری متوقع ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ فیڈرل پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت صوبے کے پانچ مختلف سیاحتی مقامات پر ریزورٹس کی تعمیر کے منصوبے کا پی سی ون متعلقہ فورم سے منظور ہوچکا ہے اور منصوبے کی فیزیبلٹی پر کام جاری ہے۔ ان پانچ سیاحتی مقامات میں تخت سلیمان، گرم چشمہ، شیخ بدین، شولوزان اور تخت بھائی شامل ہیں۔  مزید بتایا گیا کہ صوبے میں سیاحتی مقام ترقی دینے کے لئے چھ مختلف قدرتی آبشاروں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جن میں جروگا سوات، سجی کوٹ ایبٹ آباد، امبریلا ایبٹ آباد، نوڑی ہری پور چھاجیان ہری پور اور لمچار اپر دیر شامل ہیں اور توقع ہے کہ ان آبشاروں کو مکمل سیاحتی مقامات میں ترقی دینے کا کام اس سال جون کے آخر تک مکمل ہو جائے گا۔  اجلاس کے شراکاء کو کمراٹ کیبل کار، مہوڈھنڈ جھیل، ہنڈ واٹر تھیم پارک، نوشہرہ موٹر اسپورٹس ارینا، ایوبیہ چئیر لفٹ، بدھا کوریڈور، کیمپنگ پاڈز کے قیام اور دیگر منصوبوں کے علاوہ ڈیموں پر سیاحتی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ رواں موسم گرما میں سیاحتی سرگرمیوں کے انعقاد کے لئے تیار کردہ سمر پلان سے اتفاق کرتے ہوئے وزیر اعلی نے اس پلان میں کمراٹ اور بن شاہی فیسٹویلز کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری نے ایکو ٹوارزم کے فروغ اور سیاحتی مقامات میں قدرتی ماحول کو برقرار رکھنے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں