وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان سے نو تعینات چیئرمین پبلک سروس کمیشن سکندر قیوم نے گزشتہ روز تعارفی ملاقات کی اور پبلک سروس کمیشن کی استعداد کار بڑھانے اور سرکاری محکموں کے لئے بھرتیوں کے عمل میں تیزی لانے اور کمیشن کے جملہ امور کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلی نے نو تعینات چیئرمین کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صوبائی پبلک سروس کمیشن کی استعداد کار میں اضافے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ نو تعینات چیئرمین کمیشن کی استعداد کار کو مطلوبہ حد تک بڑھانے اور سرکاری محکموں کے لئے بھرتیوں کے عمل میں خاطر خواہ تیز ی لانے میں اپنی قائدانہ اور انتظامی صلاحیتیں موثر انداز میں استعمال کریں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں تمام تر تعاون اور وسائل فراہم کرے گی۔
323