حالیہ شدید برفباری کی وجہ سے اپر چترال میں نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے اور علاقہ مکین گھروں میں محصور ہیں،میرجمشیدالدین

چترال(نمائندہ ڈیلی چترال نیوز )حالیہ شدید برفباری کی وجہ سے اپر چترال میں نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے اور علاقہ مکین گھروں میں محصور ہیں۔ ابتداٸی معلومات کے مطابق علاقہ تورکہو میں ایک فٹ سے بھی زیادہ برف پڑ چکی ہے۔ تورکہو موڑکہو ، اوویر ویلی اور یو سی تریچ میں رابطہ سڑکیں شدید برفباری کی وجہ سے تباہ ہو چکی ہیں۔ نیٹ ورک نہ ہونے کی وجہ سے کسی کے ساتھ رابطہ بھی نہیں ہو پا رہا ، کتنے گھر تباہ ہو چکے ہیں اور لوگوں کا کتنا نقصان ہو چکا ہے۔ رابطہ نہ ہونے کی بنا پر نقصانات کا صحیح اندازہ بھی نہیں ہورہا ہے۔
میرجمشیدالدین تحصیل چیٸرمین موڑکہو/تورکہو اپر چترال نے حکومت اور خصوصاً وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور ، ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریا بی بی ، ایم این اے چترال عبداللطیف ، ڈپٹی کمشنر اپر چترال اور سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ اپر چترال سے درخواست کی ہےکہ لوگ بونی، لوٸر چترال اور مختلف جگہوں میں پھنسے ہوٸے ہیں۔ عید کے موقع پر ہزاروں کی تعداد میں لوگ کراچی ، لاہور ،پشاور اور دیگر مختلف شہروں سے چترال اور دیگر علاقوں میں پھسے ہوٸے ہیں ، لہٰذا رابطہ سڑکیں جلد از جلد بحال کی جاٸیں تاکہ لوگ عید اپنے گھروں میں منا سکیں۔شدید برفباری کی وجہ سے بجلی کا نظام بھی متاثر ہو چکا ہے۔