تازہ ترین

ڈی ایس ایس سکول شیشی میں حالیہ تقرریوں پر اہلیانِ علاقہ کے شدید تحفظات، شفاف تحقیقات کا مطالبہ

​چترال (نمائندہ خصوصی) ڈی ایس ایس سکول شیشی میں حالیہ تقرریوں کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں اور میرٹ کی پامالی پر اہلیانِ وی سی لاوی نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ تقرریوں کے عمل میں شفافیت اور غیر جانبداری کو یکسر نظر انداز کر کے من پسند افراد کو نوازا گیا ہے۔

اہلیانِ علاقہ کا موقف ہے کہ اے ایس ڈی او اور متعلقہ ہیڈ ماسٹر کی جانب سے مبینہ طور پر میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ اطلاعات ہیں کہ امیدواروں کی اصل تعداد 47 تھی، جبکہ حقائق کو چھپاتے ہوئے صرف چند ناموں کو منظرِ عام پر لایا گیا تاکہ مخصوص افراد کی تعیناتی کی راہ ہموار کی جا سکے۔ مقامی افراد نے اس عمل کو ‘اقربا پروری’ اور ‘تعلیمی استحصال’ قرار دیا ہے۔

اہلیانِ وی سی لاوی نے ایس ڈی او دروش، جناب فرداد علی شاہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ:

​تمام 47 امیدواروں کی مکمل میرٹ لسٹ بمعہ حاصل شدہ تعلیمی و انٹرویو نمبرز فوری طور پر پبلک کی جائے۔

​سلیکشن کے پورے عمل کی شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کروائی جائے۔

​اگر کسی بھی سطح پر جانبداری یا بے ضابطگی ثابت ہو تو ذمہ داران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔

علاقے کے معتبرین کا کہنا ہے کہ ملک کی ترقی میں رکاوٹ کی سب سے بڑی وجہ بدعنوانی اور ذاتی مفاد کو میرٹ پر ترجیح دینا ہے۔ شیشی کے مقامی امیدواروں کے ساتھ ہونے والی یہ ناانصافی نہ صرف ان کا حق مارنے کے مترادف ہے بلکہ اس سے تعلیمی اداروں پر عوام کا اعتماد بھی متزلزل ہو رہا ہے۔

اہلیانِ علاقہ نے واضح کیا ہے کہ اگر میرٹ کی بالادستی قائم نہ کی گئی اور شفافیت کو یقینی نہ بنایا گیا، تو وہ اپنے آئینی اور قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے احتجاج اور ہر دستیاب قانونی فورم سے رجوع کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button