چترال میں معیاری فٹبال گراؤنڈ کی تعمیر اور کور کمانڈر گولڈ کپ ٹورنامنٹ کے اعلان کا خیرمقدم

چترال(بشیرحسین آزاد)ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن (ڈی ایف اے) لوئر چترال کے صدر حسین احمد نے چترال کی فٹبال برادری کی جانب سے کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل سید عمر احمد بخاری کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے 31 مئی کو چترال میں منعقدہ عوامی جرگہ کے دوران چترال میں ایک معیاری فٹبال گراؤنڈ کی تعمیر اور کور کمانڈر گولڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے انعقاد کا اعلان کیا۔
اپنے بیان میں حسین احمد نے کہا کہ یہ فراخدلانہ اور دور اندیش فیصلہ چترال کے نوجوانوں کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہوگا اور ضلع میں فٹبال کے فروغ کے ساتھ ساتھ مثبت سماجی و معاشرتی سرگرمیوں کے لیے ایک نئے باب کا آغاز کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ چترال کی فٹبال برادری اس اہم اقدام پر کور کمانڈر اور پاک فوج کی بے حد شکر گزار ہے۔ ان کے مطابق فٹبال گراؤنڈ کی تعمیر اور اعلیٰ سطحی ٹورنامنٹ کے انعقاد سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور کھیل کے میدان میں آگے بڑھنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
حسین احمد نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے چترال میں فٹبال کے کھیل کو مزید فروغ ملے گا اور مقامی کھلاڑی قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں گے۔



