جامعہ چترال میں پہلے سمر اسکول 2026 کا آغاز، سات روزہ تحریری مہارت ورکشاپ شروع

چترال /جامعہ چترال میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والے سمر اسکول 2026 کا باقاعدہ افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ نے ربن کاٹ کر کیا۔ سمر اسکول کے تحت سات روزہ جامع تحریری مہارت (Comprehensive Writing Workshop) کا انعقاد کیا گیا ہے، جس کا مقصد شرکاء کی علمی، تحقیقی اور پیشہ ورانہ تحریری صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ نے کہا کہ جامعہ چترال کا پہلا سمر اسکول ایک اہم علمی اقدام ہے، جس نے ملک بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شرکاء کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام علمی و تحقیقی مہارتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ باہمی روابط، تجربات کے تبادلے اور پیشہ ورانہ نیٹ ورکنگ کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے ورکشاپ کی ریسورس پرسن، فل برائٹ اسکالر اور فارمن کرسچن کالج لاہور کے شعبہ انگریزی کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر صباء میر کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ وائس چانسلر نے پروگرام کی منتظم محترمہ نازش امیر (ڈپٹی ڈائریکٹر لنکیجز) اور آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین ڈاکٹر فہد، ڈاکٹر ندیم، محسن اور مصطفیٰ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
انہوں نے ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے شرکاء کو جامعہ چترال آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے یقین دلایا کہ انہیں بہترین تعلیمی ماحول اور تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ تربیتی پروگرام سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکیں
ورکشاپ کے دوران اکیڈمک رائٹنگ، ریسرچ پروپوزل رائٹنگ، پرسنل اسٹیٹمنٹ رائٹنگ اور پیشہ ورانہ و دفتری تحریر سمیت مختلف موضوعات پر ماہرین کی جانب سے تربیتی نشستیں منعقد کی جائیں گی۔ ورکشاپ کی نظامت شعبہ نباتیات کی لیکچرر محترمہ عظمیٰ شیر انجام دے رہی ہیں۔
افتتاحی تقریب میں جامعہ چترال کے اساتذہ، انتظامی افسران اور ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مقررین نے سمر اسکول کو جامعہ چترال کی علمی و تحقیقی سرگرمیوں میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔



