تازہ ترین

جماعت اسلامی لوئر چترال کی ضلعی مجلس شوریٰ کا اہم اجلاس، متعدد قرادادیں منظور

​چترال (بشیرحسین آزاد) جماعت اسلامی لوئر چترال کی ضلعی مجلس شوریٰ کا ایک اہم اجلاس امیرِ ضلع وجیہہ الدین کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں علاقائی و قومی امور، انسدادِ منشیات، کرپشن اور معاشرتی اقدار کی پاسداری سے متعلق اہم قراردادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں۔
​اجلاس میں منظور کی گئی پہلی قرارداد کے ذریعے مجلس شوریٰ نے ڈی پی او چترال کی جانب سے منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کی بھرپور حمایت کی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ منشیات مافیا کے خلاف اس مہم کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے گا۔ دوسری قرارداد میں "کرپشن مٹاؤ، چترال بچاؤ” تحریک کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بلاامتیاز احتساب پر زور دیا گیا؛ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی جانب سے جعلی اسکیموں کی نشاندہی اور ریکوری کی کاوشوں کو سراہا گیا جبکہ مطالبہ کیا گیا کہ انکوائری رپورٹ کو منظرِ عام پر لا کر اس پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
​تیسری قرارداد میں چترال میں بڑھتی ہوئی فحاشی اور منکرات کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ نوجوانوں کو بے راہ روی سے بچانے اور بدتمیزی کے طوفان کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، نیز سیاحت کے نام پر اسلامی و مقامی روایات کی پامالی روکنے اور ہوٹلوں میں مخلوط موسیقی کے پروگراموں پر پابندی عائد کی جائے۔ چوتھی قرارداد میں امیرِ جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں 7 اگست کو مہنگائی، پٹرول کی قیمتوں، کرپشن اور لوڈشیڈنگ کے خلاف ملک گیر احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا گیا کہ اس سلسلے میں چترال میں بھی شدید احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اور اہم شاہراہوں کو بند کیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button