تازہ ترین

حالیہ سیلابی ریلے کے باعث پرئیت بالا کو پرئیت پائیں سے ملانے والا مرکزی پل مکمل طور پر تباہ، مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا

چترال (نمائندہ )حالیہ سیلابی ریلے کے باعث پرئیت بالا کو پرئیت پائیں سے ملانے والا مرکزی پل مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں علاقے کے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پل کی تباہی کے باعث طلبہ کی تعلیم، مریضوں کی آمدورفت اور روزمرہ معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔مقامی ذرائع کے مطابق پرئیت سکول کے بیشتر طلبہ کا تعلق پرئیت بالا سے ہے، جبکہ متعدد خاندان بھی اسی علاقے میں آباد ہیں۔ پل کی تباہی کے باعث طلبہ کو سکول جانے اور مریضوں کو طبی سہولتوں تک رسائی حاصل کرنے میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔اسی طرح پرئیت کے بالائی علاقے کی خوبصورت وادی پھستی کو ملانے والے راستے کا پل بھی حالیہ سیلاب میں بہہ گیا ہے، جس کے نتیجے میں علاقے کے مکین کڑے حالات سے دوچار ہیں اور ان کے مسائل میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔متاثرہ علاقوں کے عوام کے مطابق ماضی میں بھی سیلاب کے باعث یہ پل تباہ ہو گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے متعلقہ سرکاری اداروں سے متعدد بار رجوع کیا، لیکن انہیں کوئی خاطر خواہ مدد نہ مل سکی۔ بعد ازاں کے آئی ڈی پی نے اے کے آر ایس پی کے مالی تعاون سے خطیر رقم خرچ کرکے پل تعمیر کیا، جبکہ رواں سال بھی ادارے کی جانب سے لاکھوں روپے خرچ کرکے اس کی مرمت کی گئی تھی۔علاقے کے عوام کا کہنا ہے کہ حالیہ سیلابی ریلے نے ایک مرتبہ پھر پل کو تباہ کر دیا ہے، جس کے باعث لوگوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔عوام نے چترال کی سماجی تنظیموں، منتخب عوامی نمائندوں، ایم پی اے، ایم این اے اور بالخصوص ڈپٹی کمشنر اپر چترال سے اپیل کی ہے کہ دونوں پلوں کی فوری بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔مقامی افراد نے ایل ایس او، کے آئی ڈی پی اور اے کے آر ایس پی سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ ماضی کی طرح اس بار بھی آگے بڑھ کر متاثرہ علاقوں کی مدد کی جائے تاکہ لوگوں کی مشکلات کم ہوں اور معمولاتِ زندگی جلد از جلد بحال ہو سکیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button