تازہ ترین

نوجوان کسی بھی معاشرے کا قیمتی سرمایہ اور ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں/ ڈی پی اولوئر چترال ریشم جہانگیر

چترال (ڈیلی چترال نیوز) یونیورسٹی آف چترال میں آغا خان رورل سپورٹ پروگرام (AKRSP) کے اشتراک اور BEST4WEER پراجیکٹ کی مالی معاونت سے انٹرنیشنل یوتھ ڈے 2026 کے موقع پر خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔ سیمینار کا مقصد نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا، انہیں معیاری تعلیم، پائیدار ترقی، شمولیت اور معاشی و سماجی تبدیلی کے عمل میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا تھا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال ریشم جہانگیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کا قیمتی سرمایہ اور ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ نوجوان اپنی صلاحیتوں، تعلیم اور مثبت سوچ کو بروئے کار لاکر معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا، انہیں مساوی مواقع فراہم کرنا اور ان کی صلاحیتوں کو مثبت سمت دینا ایک مضبوط، پُرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کے قیام کے لیے نہایت ضروری ہے۔
اس موقع پر جینڈر اسپیشلسٹ اے کے آر ایس پی شازیہ سلطان، پروگرام منیجر اے کے ایف سید ولی شاہ اور دیگر مقررین نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں معیاری تعلیم، روزگار، ہنر اور فیصلہ سازی کے عمل میں مؤثر مواقع فراہم کرکے معاشی و سماجی ترقی کی رفتار کو تیز کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انٹرنیشنل یوتھ ڈے نوجوانوں کو درپیش چیلنجز، خصوصاً تعلیم، بے روزگاری، ہنر کی کمی، معاشی مواقع اور فیصلہ سازی میں محدود شرکت جیسے مسائل پر توجہ مرکوز کرنے کا اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ اس دن کا مقصد نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے، مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے اور معاشرے میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے حوصلہ افزائی کرنا بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ BEST4WEER پراجیکٹ گزشتہ کئی سالوں سے چترال میں خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور فیصلہ سازی کے عمل میں ان کی شرکت بڑھانے کے لیے کام کر رہا ہے۔مقررین کا کہنا تھا کہ خواتین کی خودمختاری کو حقیقی معنوں میں یقینی بنانے کے لیے معاشرے کے رویوں میں مثبت تبدیلی لانا ہوگی اور خواتین کے ساتھ عزت، احترام اور برابری کا سلوک یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چترال کی خواتین زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں اور انہیں مزید مواقع فراہم کرکے معاشرے کی ترقی میں ان کے کردار کو مزید مؤثر بنایا جاسکتا ہے۔
یونیورسٹی آف چترال کے ایچ او ڈی مینجمنٹ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر رضوان اللہ، پروفیسر ڈاکٹر ثناء اللہ، ایچ او ڈی بوٹنی پروفیسر ڈاکٹر حافظ اللہ، پروفیسر منصور اللہ بیگ اور دوسروں نے کہاکہ 2026 میں بھی عالمی یومِ نوجوانان کے موقع پر نوجوانوں کی تعلیم، شمولیت، مساوات، پائیدار ترقی اور معاشی و سماجی تبدیلی میں کردار کو اجاگر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ماہرین کے مطابق نوجوانوں کو فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرنا، جدید تعلیم اور ہنر سے آراستہ کرنا اور روزگار و کاروبار کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انٹرنیشنل یوتھ ڈے اسی عزم کی تجدید کا دن ہے کہ نوجوانوں کو بااختیار بنا کر ایک پُرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال معاشرے کی بنیاد مضبوط کی جائے۔مقررین نے کہا کہ نوجوانوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے انہیں تعلیم، ہنر، روزگار اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو درست سمت دے کر معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔تقریب کے اختتام پر ڈی پی او لوئر چترال ریشم جہانگیر اور دیگر معزز مہمانوں نے سیمینار میں شریک نوجوانوں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوان اور خواتین معاشرے کی ترقی، خوشحالی اور پائیدار تبدیلی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button