بونی میں نادرا دفتر کی تعمیر میں تاخیر: ن لیگ اپر چترال کا اراضی کے جلد حصول اور ڈی سی سے فوری مداخلت کا مطالبہ

پر چترال(ذاکر محمد زخمی):پاکستان مسلم لیگ (ن) اپر چترال کی ضلعی و تحصیل کابینہ کا ایک اہم مشترکہ اجلاس سینئر نائب صدر پرویز لال کی زیرِ صدارت بونی میں منعقد ہوا، جس میں ضلعی جنرل سیکریٹری پرنس سلطان الملک، تحصیل صدر جاوید لال اور دیگر عہدے داران نے شرکت کی۔اجلاس میں بونی، اپر چترال میں نادرا کے جدید اور عالمی معیار کے دفتر کی تعمیر کے لیے اراضی کے حصول میں ہونے والی غیر ضروری تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ رہنماؤں نے نشاندہی کی کہ بار بار سیکشن 4 کے نفاذ کے بعد اسے ڈی نوٹیفائی کرنے کے باعث یہ اہم عوامی منصوبہ التوا کا شکار ہے، جس سے تعمیراتی عمل شروع نہیں ہو پا رہا۔رہنماؤں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے اس منصوبے کے تحت ایک ہی چھت تلے تمام رجسٹریشن اور شناختی خدمات، مرد و خواتین کے لیے علیحدہ کاؤنٹرز، زونل آفس اور پاسپورٹ کاؤنٹر قائم کیا جانا ہے تاکہ شہریوں کو دیگر اضلاع کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ اس مقصد کے لیے ڈی جی نادرا خیبر پختونخوا نے یکم نومبر 2024ء کو ڈپٹی کمشنر اپر چترال کو مراسلہ بھی ارسال کیا تھا۔ بعد ازاں 14 اپریل 2026ء کو سیکشن 4 بھی نافذ کیا گیا، مگر نامعلوم وجوہات کی بنا پر معاملہ اب بھی لٹکا ہوا ہے۔اجلاس کے اختتام پر ایک متفقہ قرارداد منظور کی گئی، جس کے ذریعے ڈپٹی کمشنر اپر چترال، چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن اور متعلقہ حکام سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ تمام قانونی تقاضے فوری پورے کرتے ہوئے زمین کی خریداری کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ تعمیراتی کام بلا تاخیر شروع ہو سکے۔



