تازہ ترین

متوازن غذا بچوں کے مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے اور انہیں مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے/نگارعلی

چترال (ڈیلی چترال نیوز) آغا خان ہیلتھ سروس پاکستان کے سنٹرل ایشیا ہیلتھ سسٹم اسٹرنتھیننگ انیشیٹو (CASI) پراجیکٹ کے زیراہتمام وسم یارخون، ہرچین، لاسپور اور سنوغر میں آگاہی سیمینارز کا انعقاد کیا گیا، جن میں CASI پراجیکٹ کے اغراض و مقاصد، ماں اور بچے کی صحت، غذاقلت ، بنیادی صحت کی سہولیات اور بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے شرکاء کو آگاہی فراہم کی گئی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے CASI پراجیکٹ کے منیجر نگار علی نے کہا کہ یہ پراجیکٹ گزشتہ کئی سالوں سے ماں اور بچے کی صحت، غذائی قلت کے خاتمے اور بنیادی صحت کی سہولیات کی بہتری کے لیے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چترال کے دورافتادہ علاقوں میں عام بیماریوں کے علاج، بروقت طبی مشورے، دورانِ حمل دیکھ بھال، محفوظ زچگی، بچوں کی حفاظتی ویکسینیشن اور حاملہ خواتین و بچوں کے لیے غذائی امداد اور آگاہی فراہم کرنا پراجیکٹ کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ماں کا دودھ نومولود بچے کے لیے مکمل اور قدرتی غذا ہے، جس میں بچے کی صحت، جسمانی نشوونما اور بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ضروری اجزا موجود ہوتے ہیں۔ دیہی اور پسماندہ علاقوں میں تولیدی صحت کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، جبکہ بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ نہ ہونے سے ماں اور بچے دونوں کی صحت کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غذائی قلت کے خاتمے اور اس کے باعث بچوں کی بیماریوں اور اموات کی شرح میں کمی لانے کے لیے CASI پراجیکٹ مسلسل خدمات انجام دے رہا ہے۔منیجر پرائمری ہیلتھ کیئر آغا خان ہیلتھ سروس چترال نصرت جہاں نے کہا کہ آغا خان ہیلتھ سروس پاکستان چترال کے مختلف علاقوں میں بنیادی صحت مراکز کے ذریعے مقامی آبادی کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ دورافتادہ علاقوں میں صحت کے عملے کی جانب سے ذہنی صحت کے مسائل کی نشاندہی، کاؤنسلنگ، ابتدائی طبی امداد، ادویات اور ضرورت پڑنے پر مریضوں کو بروقت ریفر کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آغا خان ہیلتھ سروس چترال میں کئی دہائیوں سے حکومت کے شانہ بشانہ صحت کے شعبے میں خدمات انجام دے رہا ہے۔نیوٹریشن کونسلر شہنلا حسین، CASI اپر چترال کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر مقبول علی شاہ اور دیگر مقررین نے کہا کہ نومولود بچوں، دودھ پلانے والی ماؤں اور حاملہ خواتین کی غذائیت کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ متوازن غذا بچوں کے مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے اور انہیں مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وٹامن اے، وٹامن سی، زنک اور دیگر ضروری غذائی اجزا کی کمی بچوں کے مدافعتی نظام کو کمزور کرکے انہیں مختلف انفیکشنز اور بیماریوں کا زیادہ شکار بنا سکتی ہے۔سیمینار کے اختتام پر لوکل کونسل بانگ کے  پریذیڈنٹ  ناصر الدین، لوکل کونسل لاسپور کے پریذیڈنٹ محمد ابراہیم اور دیگر شرکاء نے آغا خان ہیلتھ سروس پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ نہ صرف محکمہ صحت اور طبی عملے کی استعداد کار بڑھانے میں کردار ادا کر رہا ہے بلکہ عوام میں مختلف بیماریوں سے بچاؤ، ماں اور بچے کی صحت اور غذائیت کے حوالے سے بھی مؤثر آگاہی فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے CASI پراجیکٹ کی جانب سے دورافتادہ علاقوں میں بروقت صحت کی خدمات اور گھر گھر ضروری صحت و غذائیت کے پیغامات پہنچانے کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کے مثبت اثرات پسماندہ اور دورافتادہ علاقوں میں نمایاں طور پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button