تازہ ترین

چترال ویٹرن فٹبال لیگ 2026 کا افتتاح، اپر و لوئر چترال کی 12 ٹیمیں شریک

چترال (نامہ نگار) ضلعی انتظامیہ، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس اور چترال ویٹرن فٹبال ایسوسی ایشن کے باہمی اشتراک سے ویٹرن فٹبال لیگ 2026 کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لوئر چترال جنرل عبدالسلام نے کیک کاٹ کر ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ویٹرن فٹبال ٹورنامنٹ 2026 میں اپر اور لوئر چترال سے 12 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جن کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ میچز دیکھنے کے لیے شائقینِ فٹبال کی بڑی تعداد بھی میدان کا رخ کر رہی ہے، جس سے ٹورنامنٹ کے دوران کھیلوں کا ماحول مزید پرجوش ہوگیا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لوئر چترال جنرل عبدالسلام نے کہا کہ چترال کھیلوں کے حوالے سے خصوصی شہرت رکھتا ہے۔ پولو اور فٹبال کے میدان میں اس چھوٹے اور پسماندہ ضلع سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے کھلاڑیوں کا سامنے آنا چترال کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ چترال کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف انہیں مناسب مواقع فراہم کرنے کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چترال کی ٹیمیں مستقبل میں ملکی سطح پر علاقے کا نام روشن کریں گی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔منتظمین کے مطابق ویٹرن فٹبال لیگ کے انعقاد کا مقصد 40 سال سے زائد عمر کے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ اور صحت مند سرگرمیوں کو اجاگر کرنا ہے۔ ٹورنامنٹ میں شریک ٹیمیں بھرپور تیاری اور جذبے کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہیں۔افتتاحی تقریب میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر لوئر چترال قاضی محمد خالد، چیئرمین ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن بلال ممتاز، صدر فٹبال ایسوسی ایشن چترال سعود احمد آزاد، صدر ویٹرن فٹبال چترال ظفر علی شاہ المعروف گل آغا، خالد اعظم، فاروق اعظم، سید سیف اللہ جان سمیت فٹبال کے کھلاڑیوں اور شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button