تازہ ترین

سیکرٹری انفارمیشن ڈاکٹر بختیار خان کی پریس کلب اپر چترال کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی

اپر چترال: پریس کلب اپر چترال کے صدر محمد علی مجاہد کی سیکرٹری انفارمیشن ڈاکٹر بختیار خان سے ملاقات ہوئی، جس میں صحافیوں کو درپیش مسائل، پریس کلب کی ضروریات اور اپر چترال میں ریڈیو اسٹیشن کے قیام سمیت مختلف امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں صدر پریس کلب محمد علی مجاہد نے نو قائم شدہ پریس کلب اپر چترال کو درپیش مسائل اور صحافیوں کو ضروری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

ڈاکٹر بختیار خان نے مسائل کے حل کے لیے اقدامات اور انتظامات سے آگاہ کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ پریس کلب اپر چترال کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے اس سلسلے میں چترال کا دورہ کرنے کا وعدہ بھی کیا۔

ملاقات میں اپر چترال میں ریڈیو اسٹیشن کے قیام کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی، جس پر بتایا گیا کہ ریڈیو اسٹیشن کے قیام کا منصوبہ آخری مراحل میں ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں اطلاعات کی فراہمی اور مقامی مسائل کو اجاگر کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

اس موقع پر صدر پریس کلب محمد علی مجاہد نے ڈاکٹر بختیار خان کی چترال سے خصوصی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب وہ محکمہ سیاحت کے سیکرٹری تھے، تب بھی انہوں نے چترال کو خصوصی اہمیت دی اور علاقے کی ترقی و سیاحتی فروغ کے لیے دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر بختیار خان اسی جذبے کے ساتھ چترال کے صحافیوں اور علاقے کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

صدر پریس کلب نے صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی اور چترال کے معاملات میں دلچسپی لینے پر ڈاکٹر بختیار خان کا شکریہ ادا کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button