مضامین

شادی بیاہ کی غیر ضروری رسومات — سادگی کو اپنائیے، آسانیاں پیدا کیجیے ……… کاوشاتِ اقبال سے ایک ورق

گزشتہ اتوار ایک شادی کی تقریب میں شرکت کا اتفاق ہوا۔ یہ تقریب دیکھ کر اطمینان اور خوشی محسوس ہوئی کہ ہماری اقدار ابھی زندہ ہیں۔ شادی کی تقریب بڑی سلیقہ مندی اور پُروقار طریقے سے سجائی گئی تھی۔ طعام و نشست کا انتظام بھی بڑا ذائقہ دار اور پُررونق تھا۔ نہ شور شرابہ تھا، نہ پٹاخے اور نہ ہی بے جا ہنگامہ آرائی۔ تمام انتظامات قابلِ دید تھے۔

موجودہ معاشرے میں شادی بیاہ کے موقعوں پر ایسی غیر اسلامی اور فضول رسومات عام ہو چکی ہیں جو شریعت اور سنت کے خلاف ہیں۔ یہ رسومات متوسط اور غریب طبقے کے لیے شدید معاشی بوجھ بن چکی ہیں۔ مہندی کی رسوم سے لے کر مہر تک، کئی غیر ضروری اور رواج پرستانہ روایات پر لاکھوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں۔ دلہن کے والدین سونے اور عالیشان فرنیچر تک کے اخراجات برداشت کرنے کے لیے عمر بھر کے مقروض بن جاتے ہیں، جو ایک ناپسندیدہ عمل ہے۔ پھر شادی ہال کا حصول، ہزاروں روپے کے دعوت نامے، قیمتی فوٹو شوٹس اور بیوٹی پارلرز کے بے جا اخراجات بھی خرافات اور اسراف میں شامل ہیں۔ حق مہر میں تولوں کے حساب سے سونا، لڑکے والوں کی طرف سے بڑی بارات لے جانا، لڑکی والوں پر کھانے کا بوجھ ڈالنا، آتش بازی، ہوائی فائرنگ، پردے کا اہتمام نہ ہونا، رقص و سرور کی محفلیں اور بے پردگی کا عام ہونا، یہ سب اخلاقی اور مذہبی طور پر درست نہیں اور شریعت کے خلاف ہیں۔

شادی بیاہ کی غیر ضروری اور غیر اسلامی رسومات، مثلاً مہندی، جوتا چھپائی، دودھ پلائی، اسٹیج پر بیٹھنے اور فوٹو شوٹس جیسی رسومات، جن کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، ترک کر دینی چاہییں۔ ہم سب کو نکاح کو آسان سے آسان بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اسلام ہمیں نکاح میں سادگی اختیار کرنے اور اسے آسان بنانے کی تاکید کرتا ہے۔

شادی کی تقریبات کی تعداد کم سے کم رکھی جائے، مہمانوں کی فہرست محدود کی جائے اور کھانے میں صرف ایک قسم کے ڈنر پر اکتفا کرنا چاہیے تاکہ کھانا ضائع نہ ہو۔ نمود و نمائش، دکھاوے کے ملبوسات اور رات بھر پٹاخوں کی گھن گرج پر مکمل پابندی ہونی چاہیے۔ شادی کو مفلس اور متوسط طبقے کے لیے ناقابلِ برداشت بوجھ بننے سے روکنا ہوگا۔ ہر شخص کو ابتدا اپنے گھر کی تقریبات سے کرنی ہوگی؛ دوسروں کا انتظار نہ کریں۔ برادری یا معاشرتی سطح پر اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا جائے تاکہ کم وسائل رکھنے والے خاندان بھی آسانی سے یہ فریضہ انجام دے سکیں۔ رخصتی کے بعد استطاعت کے مطابق ولیمہ کرنا سنت ہے، جس میں غریبوں اور مسکینوں کو بھی شامل کیا جائے۔

آج کل کی یہ غیر ضروری اور غیر شرعی رسومات تمام طبقوں کے لیے ایک بڑی رکاوٹ بن گئی ہیں۔ ان رسومات پر پابندی کے لیے حکومت، علمائے کرام اور بزرگوں سے کردار ادا کرنے کی اپیل ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو دین پر عمل کرنے اور نکاح میں آسانیاں پیدا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button