555

چترال کی کم سن لڑکی حسینہ گل کے گھر کے 6 افراد جاں بحق ہوئے ، گاؤں کے متعدد خاندان حسینہ گل کے رشتے دار ہونے کے دعوے دار ہیں

اسلام آباد(نامہ نگار)سانحہ حویلیاں میں جاں بحق خاندان کی واحد وارث 14سالہ لڑکی کیلیے رشتے داروں کی کھینچا تانی شروع ہو گئی ہے، حسینہ گل کو انشورنس اور امدادی معاوضے کی مد میں سو ا 3 کروڑ سے زائد رقم ملنی ہے، پورے خاندان سے محروم ہونے والی حسینہ گل شادی کے بجائے تعلیم جاری رکھنے کی خواہشمند ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق پی آئی اے کے طیارے کے حادثے میں چترال کے ایک خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ اکیلی لڑکی حسینہ گل بچ گئی، اس کے امتحانات جاری تھے اس لیے وہ خاندان کے ساتھ سفر نہیں کر سکی تھی، اس حادثے کے بعد حسینہ گل نفسیاتی مسائل کا شکار ہو گئی ہے جس کا پمز اسپتال میں علاج جاری ہے، حسینہ گل کو خاندان کے 6 افراد کی ہلاکت پر3 کروڑ 30 لاکھ روپے معاوضہ ملنا ہے، اس رقم کا اعلان ہونے کے بعد کئی رشتے دار سامنے آگئے ہیں جن کا کہنا ہے کہ حسینہ گل ہمارے ساتھ رہے گی، خاندانی ذرائع کے مطابق حسینہ گل کے پھوپھی اور چچا بھی اسے ساتھ لے جانے پمز اسپتال پہنچ گئے ہیں، پھوپھی حسینہ گل کی شادی اپنے بیٹے کے ساتھ کرانا چاہتی ہے، دوسری جانب حسینہ گل کا کہنا ہے کہ ’’میں ابھی پڑھنا چاہتی ہوں، حکومت میری مدد کرے، چترال واپس گئی تو مجھے پڑھنے نہیں دیا جائے گا۔‘‘اس حوالے سے پی آئی اے کے ترجمان دانیال گیلانی کا کہنا ہے کہ لواحقین کو ابتدائی طور پر 5 لاکھ روپے فی کس دیے جا رہے ہیں، 5 لاکھ روپے کی یہ ابتدائی رقم تدفین کیلیے دی جا رہی ہے، چترال کی کم سن لڑکی حسینہ گل کے گھر کے 6 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وہ ان جاں بحق 6 افراد کی وارث ہے، گاؤں کے متعدد خاندان حسینہ گل کے رشتے دار ہونے کے دعوے دار ہیں، اس صورت حال کے پیش نظر ابھی تک معاوضے کی رقم ادا نہیں کی گئی، دانیال گیلانی نے بتایا کہ معاوضے کی رقم اصل وارث تک پہنچانے کیلیے تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں، معاملے کی تحقیقات اور سچ جاننے کے لیے ٹیم چترال بھجوائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں