198

عوامی مفاد کے منصوبوں میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تحصیل نائب ناظم

چترال(محکم الدین)تحصیل نائب ناظم تحصیل کونسل چترال خان حیات اللہ خان نے تمام کونسل ممبران کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوامی مفاد کے منصوبوں کے معیار پر نظر رکھتے ہوئے متعلقہ ٹھیکہ داروں کے ذریعے ان کی تکمیل کو یقینی بنائیں اور ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر میں غفلت برتنے والے ٹھیکہ دار وں کے بارے میں کونسل کے نوٹس میں لایا جائے تاکہ اْن کے ٹھیکے منسوخ کئے جا سکیں۔ منگل کے روز ٹاؤن ہال چترال میں تحصیل کونسل چترال کے دو روزہ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحصیل کونسل چترال کے زیر نگرانی مالی سال 2015-16چھوٹے بڑے منصوبے زیر تعمیر ہیں جن میں سے ریکارڈ کے مطابق اب تک 76منصوبے سو فیصد مکمل ہو چکے ہیں جبکہ 120منصوبوں میں اب تک 30سے 90فیصد کام ہو چکے ہیں جن کی تکمیل از حد ضروری ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ہر ایک ممبر تحصیل کونسل سے اْن کے حلقے میں ہونے والے کام کے پراگریس کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ جو منصوبے مکمل ہو چکے ہیں اْن کے بارے میں حلقے کے ممبرتحصیل کونسل کی طرف سے تکمیلی سرٹیفیکیٹ دینے پر ہی ٹھیکہ دار کو ادائیگی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کے ان منصوبوں میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں ممبران تحصیل کونسل شمشیر خان ، عبد القیوم شاہ ، قسوراللہ قریشی ،عبدالحق ، سابق منیجر شیر نذیر، عبدالسلام وغیرہ نے ایس آر ایس پی اور سی ڈی ایل ڈی کی طرف سے کئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ اور کہا۔ کہ ان اداروں کے کام میں شفافیت نہیں ہے اور من پسند افراد کو ہی نوازا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں