185

پشاور امن و سلامتی، ترقی و خوشحالی کے انقلابی دور میں داخل ہونے کو ہے۔شوکت یوسفزئی

پشاور(نامہ نگار) پشاور میگا پراجیکٹس اور انفراسٹرکچر پر وزیراعلیٰ کے فوکل پرسن اور پی ٹی آئی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شوکت علی یوسفزئی نے دعویٰ کیا ہے کہ نئے مالی سال میں پشاور امن و سلامتی، ترقی و خوشحالی کے انقلابی دور میں داخل ہورہا ہے جہاں کراچی اور لاہور سے بھی زیادہ معاشی اور سیاحت و تفریح کے مواقع ہونگے جسکی بدولت یہاں ملکی و غیرملکی سیاحوں کی آمد شروع ہونے کے علاوہ بیروزگاری نام کو بھی نہیں ملے گی اپنے دفتر سی ایم سیکرٹریٹ پشاور میں پبلک ہیلتھ کالونی نشترآباد ویلفئیر سوسائٹی کے وفد سے باتیں کرتے ہوئے جس نے سوسائٹی کے صدر انور باچا، جنرل سیکرٹری فضل قادر اور پی ٹی آئی کے وارڈ صدر محمد نواز خان کی معیت میں ان سے ملاقات کی اور بعض شہری مسائل سے انہیں اگاہ کیا، شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے حالیہ دورہ چین کے دوران سی پیک کے مغربی روٹ کے ساتھ ساتھ پشاور کیلئے متعدد میگا منصوبے منظور کرائے ہیں جن پر باقاعدہ چینی حکومت نے سرمایہ کاری کی تحریری گارنٹی دی ہے ان میں موجودہ رنگ روڈ اور اس سے ملحقہ سروس روڈ کی تکمیل کے علاوہ پشاور کی پھیلتی آبادی پر محیط نئے اورزیادہ وسیع رنگ روڈ اور جدید سرکلر ٹرین کی تعمیر شامل ہیں انہوں نے کہا کہ 40کروڑ روپے کی لاگت سے ماس ٹرانزٹ کے تحت چمکنی سے جمرود پھاٹک تک ستائیس کلومیٹر طویل ریپڈ بس سروس کیلئے ٹریک کی تعمیر پر اگلے تین ماہ کے دوران عملی کام شروع ہو جائے گا اور ابتدائی مرحلے میں اس پر سو ائیرکنڈیشنڈ بسیں چلائی جائیں گی جن کا کرایہ نہ صرف واجبی ہو گا بلکہ پنجاب کی طرح سبسڈی کا بوجھ بھی حکومت پر نہیں پڑے گا اور اسکی بدولت یہاں ٹریفک اژدھام اور آلودگی کے مسائل پر بھی قابو پانے میں مدد ملے گی شوکت علی یوسفزئی نے انکشاف کیا کہ پشاور سے ملحقہ سی پیک کی سرمایہ کاری سے حیات آباد سے بھی زیادہ بڑے پانچ اہم رہائشی منصوبے منظور کئے گئے ہیں جو ہر لحاظ سے خوبصورتی اور شہری فن تعمیر کے شاہکار منصوبے ہونگے اسی طرح پشاور یونیورسٹی کے قریب لاہور سے بھی بڑے چڑیاگھر پر نہ صرف تعمیراتی کام بلکہ چرند و پرند کی دیکھ بھال والے عملے کی بھرتی بھی شروع کر دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ شہر میں 27کروڑ روپے کے خرچ سے سکندرپورہ، نشترآباد، گلبہار تا دلہ زاک روڈ کشادہ ڈرین تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جس سے شہر میں نکاس کا دیرینہ مسئلہ دائمی حل ہو گا جبکہ شہر میں پینے کے پانی کے تمام زنگ آلود پائپوں کی تبدیلی پر پہلے ہی کام تیزی سے جاری ہے اسی طرح وزیراعلیٰ نے انکی درخواست پر پشاور کیلئے سروے کے مطابق درکار تمام پچاس ٹیوب ویلوں کی منظوری دی ہے یہ تمام اس سال ستمبر تک مکمل ہونگے جن میں آٹھ ٹیوب ویلوں کی بورنگ اور تنصیب پر کام پرسوں 17فروری کو شروع ہوکر ایک مہینے کے اندر مکمل ہو گا شہر کے تمام پرانے ٹرانسفارمرز کو نئے اور طاقتور ٹرانسفارمرز سے تبدیلی کی منظوری کے ساتھ ساتھ پیسکو کو فنڈز کی یکمشت ادائیگی بھی ہو چکی ہے جس کا 20 فیصد کام ہو چکا جبکہ بقیہ ٹرانسفارمر بھی جون سے پہلے لگانے کیلئے وہ حکام سے قریبی رابطے میں ہیں شوکت یوسفزئی نے نشترآباد سوسائٹی کالونی کی تعمیر و مرمت کیلئے درکار ڈیڑھ کروڑ روپے کی موقع پر منظوری کا اعلان بھی کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں