204

ملک کو ایک رول ماڈل مسلم ریاست بنانے کے لئے ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرناہوگا/بلاول بھٹو

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پوری قوم کو 70 ویں یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ اپنے آباء و اجداد کے تصور کے مطابق ملک کو مساوات پر مبنی ایک رول ماڈل مسلم ریاست بنانے کے لیئے ہر پاکستانی کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ یوم آزادی کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ بطور ایک ملک بالغ النظری حاصل کرنے کے لیئے 70 برس کافی تھے لیکن آمریتوں اور ان کی سیاسی کٹھ پتلیوں نے ہماری ترقی اور کامیابیوں کو متاثر کیا۔ ہماری تاریخ میں جمہوریت کو مختصر سے وقفے ملے جبکہ زیادہ تر وقت آمریتوں اور غیرآئینی حکومتوں میں گذرا، جس کے دوران عوام کو سفاکانہ جسمانی و معاشی ظلم کا شکار بناکر تذلیل کی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستانی لوگ آزادی و خودمختیاری کے ثمرات سے محروم رہے ہیں۔ نظریہ پاکستان کے دشمنوں نے عوام کے خوابوں کو روندنے کے لیئے دہشت، ہیروئن اور کلاشنکوف کے کلچر کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریئے کی اصل مشعل بردار پارٹی ہونے کے باعث پی پی پی کو اس کی قیادت، کارکنان اور ہمدردوں کی قربانیوں کی صورت میں بہت بھاری قیمت ادا کرنی پڑی ہے، لیکن جمہوریت و بنیادی حقوق کی جدوجہد نہیں رُکی۔ بلاول بھٹو زرداری نے اُس پوری پیڑھی اور رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کیا، جنہوں نے جنگ آزادی لڑی اور بیشمار جانی، مالی اور مراتب قربانیوں کے بعد بالآخر کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہم تحریکِ آزادی کے اُن ھیروز کو یاد کرتے ہیں اور انہیں سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے اپنی آنے والی نسلوں کے لیئے ایک الگ ملک بنایا تاکہ وہ بطور ایک متحرک، ترقی پسند اور مضبوط قوم آگے بڑہ سکیں۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہم ان 50،000 شہداء کو بھلا نہیں سکتے، جنہوں نے اُس دہشتگردی کے خلاف قوم کی جنگ میں اپنی جانوں کی قربانی دی، جو کہ عام شہریوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں، طلبہ، خواتین اور نوجوانوں کو نشانہ بناتی رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکولوں سے ہسپتالوں تک، فوجی چھاونیوں سے مساجد، حکومت سے نجی تنصیب، این جی اوز سے لے کر سیاسی جماعتوں تک، دہشتگرد ی اس چیز کو نشانہ بنا رہے ہیں جو پاکستان کو مضبوط کرتی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے تمام پاکستانی شہریون پر زور دیا کہ وہ اپنی آزادی کو بچانے کی خاطر انتہاپسندی، دہشتگردی اور ان کے سہولتکاروں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ استعداد فقط پاکستان ہی کو حاصل ہے کہ وہ تیسری دنیا اور امتِ مسلمہ کو امن اور خوشحالی کی جانب گامزن کرے اور ہم سب کو اس استعداد کا متلاشی ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر پاکستان کی عوام کو ملک کی 70 ویں یوم آزادی کے موقعے پر مبارکباد دی اور ان سے عہد کیا کہ قائد اعظم کے پاکستان کے احیاء کے لیئے پی پی پی ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں