441

چترال ٹاون،ایون،بروز اور دروش کےلئے گیس پلانٹوں کی حتمی منظوری ہوچکی ہے۔ایم این اےشہزادہ افتخار الدین

چترال ( نمائندہ ڈیلی چترال) چترال سے قومی اسمبلی کے ممبر شہزادہ افتخار الدین نے کہا ہے کہ چترال ٹاون، ایون، بروزاور دروش کیلئے گیس پلانٹوں کی حتمی منظوری ہوچکی ہے۔جوں ہی ضلعی انتظامیہ زمین کی خریداری کا عمل مکمل کریگی پلانٹ لگ جائیں گے۔ اور اسی سال کے اخر تک وزیر اعظم پاکستان کے متوقع دورہ چترال کے موقع پر تینوں پلانٹوں کا افتتاح بھی کیا جائیگا۔ اُنہوں نے یہ باتیں جمعہ کے دن سوئی ناردرن گیس پرائیویٹ لمیٹڈ کی اعلیٰ حکام کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد علی سدھر کے ساتھ میٹنگ میں بتائی اور کہا کہ چترال میں جنگلات کی بے دریغ کھٹائی کی وجہ سے ماحول کو انتہائی خطرہ لاحق ہے ۔ آئے روز سیلابوں کی وجہ سے چترال کے بہت سے حسین علاقے برباد ہوگئے ہیں۔ لہذا ہمیں جتنی جلدی ممکن ہوسکے ان پر قابو پانے کے لئے اقدامات اُٹھانے چاہیئے۔ جبکہ گیس پلانٹ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ایم این اے نے کہاکہ دروش ، بروز اور چترال ٹاون کے بعد چترال کے دیگر علاقوں کیلئے بھی گیس پلانٹ کی منظوری آخری مراحل میں ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد علی سودھر نے ایم این اے اور سوئی ناردرن گیس کے حکام کو یقین دلایا کہ زمین کی خریداری آئندہ چند دنوں کے اندر مکمل کی جائییگی ۔ لیکن پبلک کی سیفٹی کو اولین ترجیح دی جائے۔ پلانٹ کیلئے زمین اُس جگہ پر لی جائے جہاں عام پبلک کیلئے کوئی مسائل یا خطرہ درپیش نہ ہو۔ سوئی ناردرن گیس پرائیویٹ لمیٹڈ کی ٹیم میں جمشید ناصر خان ڈپٹی چیف انجینئر (لینڈز)، واحید احمد لینڈ ایکوزیشن کلکٹراورعبد الرؤف خان سپرنٹنڈنٹ لینڈزشامل تھے۔ جو تینوں پلانٹس کیلئے زمین کی خریداری کے سلسلے میں چترال آئے ہوئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں