282

چترال میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی، کالاش ویلیز میں پانچ ، گرم چشمہ میں چار انچ ، گبور ، بگوشٹ میں آٹھ انچ برف پڑی

چترال ( محکم الدین ) چترال میں گذشتہ رات اور منگل کے روز وقفے وقفے سے بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی ۔ کالاش ویلیز میں پانچ ، گرم چشمہ میں چار انچ ، گبور ، بگوشٹ میں آٹھ انچ برف پڑی ۔ اسی طرح لواری ٹنل کے دونوں اطراف میں برف پڑنے سے گاڑیوں کو پھسلن کا سامنا کرنا پڑا ۔ اور مسافروں کو شدید تکلیف پیش آئی ۔ مستوج ، تورکہو اور موڑکہو میں بہت ہلکی برفباری ہوئی ۔ جبکہ لاسپور اور شندور میں برف کی مقدار زیادہ رہی ۔ تاہم کہیں سے بھی روڈ بند ہونے کی اطلاع نہیں ملی ۔ برفباری اور بارش کے ساتھ ہی سردی میں اضافہ ہوا ہے ۔ جبکہ مارکیٹ میں سردی پڑتے ہی سوختنی لکڑی اور کوئلے کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں ۔ چترال میں چھ مہینے بعد بارش ہوئی ہے ۔ اس لئے طویل خشک سالی حالیہ بارش اور برفباری کی وجہ سے تقریبا ختم ہو گئی ہے ۔ زیادہ تر علاقوں کے لوگ جو بارشیں نہ ہونے اور پانی کی کمی کے باعث گندم کی کاشت نہیں کر سکے تھے ۔ پھر سے بوائی شروع کر دی ہے ۔ تاہم یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ کہ گندم کی کاشت کا وقت گزر گیا ہے ۔ اس لئے اس سے فوائد کے زیادہ امکانات نہیں ہیں ۔ بارش کے بعد خشکی کی وجہ سے پھیلنے والی مختلف بیماریوں میں کمی آنے کی پیش گوئی کی جارہی ہے ۔ اور مجموعی طور پر خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔ چترال میں گذشتہ چند سالوں سے موسم میں غیر معمولی تبدیلی آئی ہے ۔ اور بارش و برفباری نہ ہونے کے برابر ہیں ۔ جبکہ سابقہ ادوار میں ماہ دسمبر میں شدید برفباری ہوتی تھی اور چترال دو سے تین مہینے برف سے ڈھکا رہتا تھا ۔ لیکن بتدریج موسم میں شدید قسم کی تبدیلی آئی ہے ۔ جس کے منفی اثرات نے پورے چترال کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں