356

چترال کوسیلاب کی تباہ کاریوں سے بچانے اور جنگلات پر دباؤ کم کرنے کیلئے فیکس اور فلیٹ ریٹ پر بجلی دی جائے۔سرتاج احمدخان

چترال(نمائندہ) صدر چترال چمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری چترال اور صدر سی سی ڈی این چترال سرتاج احمد خان نےایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے دورہ چترال کا مقدم کیا ہے اور گولین ہائیڈل پاؤر اسٹیشن کے افتتاح کو چترال کی ترقی کیلئے نہایت خوش آئیند قراردیتے ہوئے وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔چمبر کے عہدہ داران،محمد وزیر خان، منظور احمد ممبرڈسٹرکٹ کونسل لاسپور ذولفی ہنر شاہ،میجر (ر) احمد سعید ،سابق صد ر سی سی ڈی این عبدالغفار ودیگرکی معیت میں سرتاج احمد خان نے مطالبہ کیاکہ چترال کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچانے اور جنگلات پر دباؤکم کرنے کیلئے گولین گول پاؤر پراجیکٹ سے ضلع چترال کو فیکس اور فلیٹ ریٹ پر بجلی دی جائے۔سرتاج احمد خان نے کہا کہ ہم نے چترال کو مزید سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچانے کی خاطر ’’چترال بچاؤ پاکستان بچاؤ‘‘ مہم شروع کی۔جس کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ چترال میں موجود سینکڑوں گلیشیرز کو موسمیاتی تغیرات سے ہونے والے نقصانات میں کمی لاکر پاکستان کو سیلاب کی تباہی سے بچایا جائے اور اس حوالے سے حکومت کے تمام ذمہ دارصوبائی اور وفاقی اداروں بشمول ماحولیات تک اپنا پیغام پہنچایا۔اور یہ مطالبہ کیا کہ چترال پر فوری توجہ دی جائے۔اُنہوں نے کہاکہ یہ ہمارے لئے خوشی کا مقام ہے کہ اب گولین ہائیڈل پراجیکٹ نے بجلی کی پیدوار دینا شروع کردیا ہے۔اس لئے مطالبہ ہے کہ چترال کے جنگلات کو بچانے کی خاطر اصل((سستے) ریٹ پر بجلی چترال کے لوگوں کو دی جائے۔تاکہ ایندھن کے طورپر جنگلات پرپڑنے والے دباؤ میں کمی لایا جاسکے۔اُنہوں نےتوقع ظاہر کی کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اس اہم مطالبے پر مثبت اعلان فرمائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں