222

تربیت کے دوران زیادہ سے زیادہ سیکھنے کے عمل کو اپنائیں،آئی جی پی خیبرپختونخوا

پشاور (جنرل رپورٹر)انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان محسود نے تربیتی افسروں پر زور دیا ہے کہ وہ تربیت کے دوران زیادہ سے زیادہ سیکھنے کے عمل کو اپنائیں۔یہ بات انہوں نے سنٹرل پولیس آفس پشاور میں فرسٹ ریفریشر ایلیٹ کورس کیلئے منتخب شدہ 17پولیس افسروں کی کورس پر روانگی کے وقت ایک خصوصی لیکچر دیتے ہوئے کہی۔ ڈی آئی جی ٹریننگ محمد کریم خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی باراے ایس پیز اور ڈی ایس پیز رینک کے پولیس افسروں کے لیے ایلیٹ ریفریشر کورس متعارف کرایا گیا ہے۔ آئی جی پی نے کورس کے شرکاء سے کہا کہ یہ کورس آپ کی پروفیشنل کیئریر میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔اور ان پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ سیکھنے کے جذبے سے سرشار ہو کر کورس میں شریک ہوں اور فورس کی عزت اور وقار اور اپنی پیشہ ورانہ تربیت میں اضافے کے لیے اپنے تمام توانائیاں اور صلا حیتیں بروئے کا ر لائیں۔ انہیں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مسائل حل کرنے کے نقطہ نظر اور مثبت سوچ اپنا کرپولیسنگ سے متعلق درپیش تمام مسائل کا حل تلاش کریں اور اپنے فرائض کو منظم طریقے سے ترتیب دے کر ملک و قوم کی بہتری کے لیے کام کریں۔ آئی جی پی نے پیشہ ورانہ تربیت کو فورس کے اہلکاروں کی پروفیشنل کیرئیر کیلئے رگوں میں دوڑنے والے خون کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ فورس کے ہر رینک کے افسر وجوان کی ان سروسز تربیت کے لیے یکساں پالیسی اختیار کی جائے گی اور کسی بھی رینک میں ترقی پانے کے لیے ان کورسزکا حصول لازمی ہوگا۔آئی جی پی نے اُمید ظاہر کی کہ کورس کے دوران دی جانے والی تربیت اُن کے پیشہ ورانہ کیئرر پر بہتر اور مثبت معیاری اثرات مرتب کریگی اور وہ تربیت کے دوران حاصل کردہ علم اور تجربے کو عملی میدان میں بروئے کار لاکر لوگوں کی بہتر خدمت کو یقینی بنائے گی۔واضح رہے کہ ریفریشر ایلیٹ کورس میں شرکاء کو جسمانی تربیت ، ویپن فائرنگ، آپریشنل ٹیک ٹکس، کائونٹر ٹیرارزم ٹیک ٹکس،سیکورٹی اینڈ پروٹیک شن، موک ایکسرسائیز ، فرسٹ ایڈ اور کمیونی کیشن سے متعلق تربیت دی جائیگی۔ اس کورس سے نہ صرف اعلیٰ رینک کے افسروں کے ترقی کے جدید تربیت کے ضروری تقاضے پورے کئے جائیں گے بلکہ پولیس افسروں کی استعدادی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرکے فورس کا معیار اوروقار بڑھانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں