222

عمران کی بشریٰ بی بی سے شادی، تحریک انصاف نے تصدیق کردی تصاویر جاری

تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی روحانی شخصیت بشریٰ بی بی عرف پنکی سے تیسری شادی کی تصدیق ہو گئی، تحریک انصاف کی طرف سے شادی کی تصاویر بھی جاری کر دی گئیں۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح مفتی سعید نے اتوار کے روز پڑھایا اور نکاح کی سادہ تقریب گلبرگ لاہور میں بشریٰ بی بی کے بھائی کے گھر میں ہوئی جس کے بعد رخصتی ہوئی۔ پی ٹی آئی چیئرمین کے نکاح کے موقع پر عمران کی جانب سے عون چودھری اور زلفی بخاری گواہان میں شامل تھے جبکہ عمران خان کے قریبی رشتہ داروں کی جانب سے کوئی شامل نہیں ہوا۔ پی ٹی آئی کے آفیشل ٹویٹر سے جاری پیغام میں چیئرمین اور ان کی اہلیہ کو شادی کی مبارکباد دی گئی ہے۔ نعیم الحق نے کہا کہ کچھ عرصے پہلے عمران خان نے بشریٰ کو شادی کا پیغام بھیجا تھا اور اب شادی ہو گئی ہے۔ انشاء اللہ عمران خان کا نکاح پورے ملک کے لئے مبارک ثابت ہو گا۔ تحریک انصاف کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے بشریٰ بی بی نے ٹویٹر پر لکھا ’’اللہ کے فضل و کرم سے ہم ایک نئی زندگی شروع کر رہے ہیں، آپ کی دعائوں کی ضرورت ہے۔‘‘ یاد رہے کہ عمران کی شادی کے حوالے سے خبریں گزشتہ ماہ سامنے آئی تھیں تاہم پی ٹی آئی اور عمران کی جانب سے تردید کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ عمران نے ابھی بشریٰ بی بی کو صرف شادی کا پیغام بھیجا ہے۔ عمران نے شادی میں اپنی چاروں بہنوں کو بھی نکاح کی تقریب میں نہیں بلایا۔ بعض ذرائع کے مطابق شادی گزشتہ روز کی بجائے جنوری میں ہی ہو چکی ہے۔ اب صرف تصدیق کی گئی۔ واضح رہے عمران خان کی دوسری شادی اینکر پرسن ریحام خان سے 2014ء میں ہوئی تھی۔ اس وقت بھی ابتدا میں شادی کے بارے میں خبروں کی تصدیق کرنے سے گریز کیا گیا تھا۔ فواد چودھری کا کہنا ہے کہ نکاح کی تقریب گزشتہ روز لاہور میں ہوئی، شادی عمران خان کا نجی معاملہ ہے، ولیمے کی بڑی تقریب نہیں ہو گی۔ تقریب میں صرف بشریٰ کے خاندان نے شرکت کی۔ عمران کے بچوں کی شادی میں شرکت کا علم نہیں۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران کی بہنیں اس شادی کی بھی مخالفت کرتی رہیں۔ جہانگیر ترین نے ٹویٹ میں عمران خان کو شادی پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب شادی کی بہت مبارک ہو دعا ہے اللہ تعالی آپ دونوں کو ہمیشہ خوش و خرم رکھے اور آپ کی زندگی خوشیوں سے بھر دے۔اسلام آباد سے وقائع نگار خصوصی اور اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر شیریں مزاری، ڈاکٹر شہزاد وسیم، مراد سعید، عثمان ڈار نے چیئرمین عمران خان کو شادی کی مبارکباد دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں