220

چترال سمیت خیبرپختونخوا کے 14 اضلاع میں دہشت گردی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی تربیت کا آغاز

خیبرپختونخوا میں قدرتی آفات اور دیگر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے ادارے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کے نوجوانوں کو ممکنہ حادثات، دہشت گردی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی تربیت فراہم کرنے کے لیے مشقوں کا آغاز کردیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے 14 اضلاع جن میں پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی، ڈی آئی خان، شانگلہ، ملاکنڈ، چترال، ہزارہ اور دیگر شامل ہیں کے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیز میں زیر تعلیم بچوں نوجوانوں اور اساتذہ کو خطرات سے نمٹنے بارے تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ ان اضلاع میں 100 سے زائد تعلیمی اداروں میں تربیتی مشقوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق مہم کا آغا ز پشاور کے شہید اُسامہ ظفر گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول سٹی نمر 2 سے کیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ گورنمنٹ ہا ئی سکول جوگیواڑہ اور گورنمنٹ کالج پشاور میں تربیت فراہم کی جاچکی ہے۔

دوران تربیت طالبعلموں کو زلزلے سیلاب یا دیگر قدرتی آفات سے نمٹنے، آگ لگنے کے حادثات میں آگ بجھانے اور خود کو محفوظ رکھنے کے بارے میں تربیت دی جارہی ہے۔ کسی جگہ ہونے والے دہشت گرد حملے میں خود کو محفوظ رکھنے، خطرے والے مقام سے افراد کی باحفاظت انخلاء اور خطرات کے دوران محفوظ جائے پناہ کے حوالے سے تربیت بھی ان مشقوں کا حصہ ہے۔

ابتدائی طبی امداد کے رہنما اصول بھی دوران تربیت سکھائے جارہے ہیں تاکہ کسی بھی حادثات کی صورت میں اپنی مدد آپ کے تحت ابتدائی طبی امداد کے ذریعے لوگوں کی جان بچائی جاسکے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے محمد شکیل کے مطابق قدرتی آفات یا حادثات میں زیادہ تر نقصانات بھگدڑ مچ جانے کے باعث ہوتے ہیں، اکتوبر2005 کے زلزلے میں سکولوں اور تعلیمی اداروں میں طالبعلموں کی اموات ہوئی تھیں ، دھکم پیل، بھگدڑ اور حواس باختگی سے جانی نقصانات کا اندیشہ ہوتا ہے اس لیے مستقبل میں ایسے واقعات کے دوران جانی نقصان کے خدشے کو کم کرنے کے لیے پی ڈی ایم اے نوجوانوں کو آگاہی فراہم کررہی ہے اور عملی مشقوں کی صورت ایسی صورتحال سے نمٹنے کی تربیت دی جارہی ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے شروع کردہ تربیتی مشقوں کا پہلا فیز جون 2018 تک جاری رہے گا، دوران تربیت سکولوں کالجوں اورجامعات میں عوامی آگاہی پر مبنی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی جائینگی تاکہ نوجوان انکی بدولت خطرناک صورتحال سے نکلنے کے طریقوں کو سمجھ سکیں اسکے علاوہ تمام اضلاع میں آگاہی اور شعور اجاگر کرنے کی غرض سے معلوماتی پمفلٹس بھی تقسیم کیے جائینگے تاکہ مستقبل میں ہونے والے حادثات میں نقصانات کا اندیشہ کم سے کم ہوسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں