255

سینیٹ الیکشن: سلیم مانڈوی والا ڈپٹی چیئرمین منتخب، عثمان کاکٹر کو شکست

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوگئے. انھوں نے 54 ووٹ حاصل کیے۔ حکومتی اتحاد کے ڈپٹی چیئرمین کے امیدوار عثمان کاکٹر کو شکست ہوئی. انھیں 44 ووٹ ملے۔

واضح رہے کہ آج ایوان بالا (سینیٹ) کے انتخابات منعقد ہوئے، جس میں اپوزیشن اتحاد کے امیدوار میر صادق سنجرانی 57 ووٹ لے کر چیئرمین منتخب ہوئے۔ ان کے مدمقابل راجا ظفر الحق 46 ووٹ لے سکے۔ نو منتخب چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین نے حلف اٹھا لیا.

سینیٹ الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ ن کے اتحاد کی جانب سے راجا ظفر الحق چیئرمین، عثمان کاکڑ ڈپٹی چیئرمین، جبکہ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے صادق سنجرانی کو چیئرمین اور سلیم مانڈوی والا کو ڈپٹی چیئرمین کے لیے نامزد کیا گیا تھا.

تفصیلات کے مطابق کل 104 میں سے پاکستان مسلم لیگ ن اپنے 33 سینیٹرز کے ساتھ ایوان بالا میں سرفہرست تھی، پیپلز پارٹی کے پاس 20 سینیٹرز، پی ٹی آئی کے پاس 13 سینیٹرز تھے۔ ابتدا میں کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جارہی تھی، تجزیہ کاروں کا خیال تھا کہ فرق دو یا تین ووٹوں کا ہوگا، مگر اپوزیشن اتحاد کے امیدوار نے گیارہ ووٹوں کے فرق سے حکومتی اتحاد کے امیدوار کو شکست دی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کی نشستوں پر حکومتی اتحاد کی شکست اور ووٹوں کا فرق ن لیگ کے لیے کے لیے بڑا دھچکا ہے۔ چند تجزیہ کار اسے عام انتخابات میں پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کے ممکنہ اتحاد کے طور پر بھی دیکھ رہے ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں