335

فاٹا کے ساتھ پاٹا کو شامل کرنا زیادتی ہے،صوبائی اسمبلی میں ملاکنڈڈویژن کی حیثیت کوبرقراررکھنے کے لئے آوازاٹھائیں گے؍ایم پی اے سیدسردارحسین

چترال (ڈیلی چترال نیوز)چترال سے ممبرصوبائی اسمبلی خیبرپختونخواسیدسردارحسین شاہ نے وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقہ جات فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام سے متعلق بل کے اجلاس میں صوبائی اسمبلی میں آوازاٹھانے کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ فاٹا کے ساتھ پاٹا کو شامل کرنا زیادتی ہے، اگر حکومت پاٹا کی حیثیت تبدیل کرنا چاہتی ہے تو خصوصی پیکیج کا اعلان کریں۔پشاور سے مقامی میڈیا سے ٹیلی فون پر گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملاکنڈڈویژن کوریاست کے دورسے ٹیکس فری زون کی خصوصی حیثیت حاصل ہے اورہردورمیں حکمران یہاں کے باسیوں کومراعات دینے کے بجائے ان سے حقوق چھیننے کی کوشش کررہے ہیں اوریہاں کے عوام کو دہشت گردی ،سیلاب اورزلزلے سے متاثرہ ہونے کی وجہ سے ان کوخصوصی پیکجزدینے کے بجائے ان کے حق چھین رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملاکنڈڈویژن کی خصوصی حیثیت کوکسی بھی صورت ختم نہیں ہونے دیں گے ،فاٹاکوصوبے کاحصہ بناکرحکومت نے تاریخی اقدام اٹھایاہے اوراس قبائلی علاقے کے عوام ملک کے دیگرحصوں کے شہریوں کی طرح حقوق دلائیں گے اور ملاکنڈڈویژن کی خصوصی حیثیت پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا۔انہوں نے کہاکہ میں عوام کاخادم ہوں اورعوام کی خدمت کے لئے سیاسی میدان میں ہوں میںیہاں کے عوام کے لئے مراعات لاؤنگا،ان سے مراعات چھیننے کے مکمل خلاف ہوں اورآج ملاکنڈڈویژن کی حیثیت کوبرقراررکھنے کے لئے آوازاٹھائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں