266

تاریخ میں پہلی مرتبہ کالاش برادری کا نمائندہ اسمبلی میں/پی ٹی آئی کی طرف سے وزیر زادہ کالاش مخصوص نشست پر منتخب

چترال(نامہ نگار)ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ چترال میں بسنے والے معروف اقلیتی کالاش برادری کا نمائندہ صوبائی اسمبلی میں پہنچ گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے کالاش برادری سے تعلق رکھنے والے نوجوان راہنماء وزیر زادہ کالاش کو صوبائی اسمبلی میں اقلیتوں کے لئے مخصوص نشست پر دوسری ترجیح میں رکھا گیا تھا۔ اب حالیہ الیکشن میں خیبر پختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی کی کامیابی کے بعد اقلیتوں کے لئے مخصوص دونوں نشستیں پی ٹی آئی کو مل رہی ہیں اور پی ٹی آئی کی طرف سے اقلیتی راہنماء سابق صوبائی وزیر روی کمار اور وزیر زادہ کالاش صوبائی اسمبلی کے ممبر منتخب ہو ئے ہیں۔ جمعرات کے روز رمبور میں وزیر زادہ کے گھر مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھا رہا جبکہ دوسری طرف کالاش برادری میں انتہائی خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ صوبائی اسمبلی میں پی ٹی آئی کو 60سے زیادہ نشستیں ملی ہیں ۔ قومی امکان ہے کہ صوبائی اسمبلی میں نشستوں کی تعداد زیادہ ہونے پر خواتین کی مخصوص نشست بھی چترال کو ملے کیونکہ پی ٹی آئی کی طرف سے خاتون راہنما فلک ناز کو مخصوص نشست کے لئے ترجیحی فہرست میں نویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں