263

صوبے کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجزکے داخلوں کے لئے ایٹامیڈیکل انٹری ٹیسٹ کی نئی تاریخ کا اعلان کردیا گیا

پشاور۔صوبے کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجزکے داخلوں کے لئے ایٹامیڈیکل انٹری ٹیسٹ کی نئی تاریخ کا اعلان کردیا گیا۔نئے شیڈول کے مطابق یہ ٹیسٹ اب اتوار30ستمبر کو صوبے کے ساتھ مختلف سینٹروں میں منعقد ہوگا۔ ٹیسٹ کی نئی تاریخ کا اعلان وزیر اعلیٰ خیبر پختو نخوا محمود خا ن جو کہ ایٹا کے بورڈ آف گورنرزکے چیئرمین بھی ہیں کی منظوری سے کیا گیا ہے۔ خیبر میڈیکل یونیورسٹی اکیڈیمک اینڈ ایڈمشن سیکشن کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں تمام طلبہ و طالبات کو نہ صرف نئے ایڈمٹ کارڈ ز یعنی رول نمبر سلپ پرانے طریقہ کار کے مطابق پرنٹ کرکے ان پر اپنی تازہ تصاویر چسپاں کرنے کے لیئے کہا گیاہے بلکہ تمام طلباء وطالبات کو ان ہی سینٹرز میں بروقت ٹیسٹ دینے کے لیئے پہنچنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے جہاں انہوں نے پہلے ٹیسٹ دیا تھا ۔واضح رہے کہ ایٹا میڈیکل ٹیسٹ 30ستمبر کو صبح 9بجے اسلامیہ کالجیٹ سکول گراؤنڈ پشاور،ہری پور یونیورسٹی ہری پور، گراسی گراؤنڈ سیدوشریف سوات، گو مل میڈیکل کالج نیو بلڈنگ ڈیرہ اسماعیل خان ، عبد الولی خان یونیورسٹی گارڈن کیمپس مردان، کیڈٹ کالج کوہاٹ اور ملاکنڈ یونیورسٹی چکدرہ لوئر دیر کے سات سنٹروں میں پرانے رول نمبرز کے مطابق منعقد ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں