218

چترال میں معیاری تعلیم اور دوسرے شعبوںمیں ضلعے کے سابق ڈپٹی کمشنر اسامہ وڑائچ شہید کے کارنامے لوگوں کے زبان زد عام ہیں/ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر منہاس الدین

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) شہید اسامہ وڑائچ اکیڈیمی کی دوسری سالگرہ کی سادہ مگر پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر منہاس الدین اور اسسٹنٹ کمشنر چترال عالمگیر خان نے کیک کاٹنے کی رسم ادا کی جبکہ اکیڈیمی کے طلباو طالبات، سول سوسائٹی کے نمائندے اور ٹیچر ز کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے کثیرتعداد میںموجود تھے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں اسسٹنٹ کمشنر عالمگیر خان نے کہاکہ چترال میں معیاری تعلیم اور دوسرے شعبوںمیں ضلعے کے سابق ڈپٹی کمشنر اسامہ وڑائچ شہید کے کارنامے لوگوں کے زبان زد عام ہیں جبکہ اس کوچنگ اکیڈیمی کو ضرورت کی بنیاد پر قائم کرکے اور اس میں ذاتی دلچسپی لے کر انہوںنے دوسروں کے لئے ایک مثال قائم کردی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ایک مثالی ایڈمنسٹریٹر کے طور پر شہید اسامہ کے کارنامے ہمیشہ کے لئے یاد رکھے جائیں گے جس نے عملی طور پر ثابت کردیا کہ سول سرونٹ عوام کے خادم ہوتے ہیں اور ایسے خادم ہمیشہ عوام کے دلوںمیں زندہ وجاوید رہتے ہیں۔ عالمگیر خان نے اکیڈیمی کے انتظامیہ کویقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ کی مکمل سرپرستی اسے حاصل رہے گی ۔ اس موق پر گورنمنٹ ہائی سکول چترال کے پرنسپل کمال الدین، اکیڈیمی کے کوارڈینیٹر فداءالرحمن، چترال پریس کلب کے صدر ظہیر الدین ، پروفیسر تنزیل الرحمن نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ڈسٹرکٹ مانٹیرنگ افیسر محمد صالح، اسسٹنٹ کمشنر کبل سوات طارق محمود، پروفیسر شفیق احمد اور دوسرے معززین اس موقع پر موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں