278

چترال کے نوجوانوں کو کاروبار اور ٹیکنکل کاموں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے،سرتاج احمدخان

چترال ( محکم الدین ) ممبر چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سرتاج احمد خان نے کہا ہے ۔ کہ اب وقت آگیا ہے ۔ کہ چترال کے لوگ معاشی استحکام کیلئے بزنس کی طرف توجہ دیں ۔ اور اگر ایسانہیں کیا گیا ۔ تو دوسروں کے دست نگر ہونے سے نہیں بچ سکیں گے ۔ کیونکہ آنے والا وقت انتہائی طور پر معاشی مقابلے کا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز چترال بازار میں “چترال گروپ آف ٹریڈنگ ” کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں بزنس سے وابستہ بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ افسوس کا مقام ہے ۔ کہ باہر سے لوگ چترال کو ایک کاروباری مارکیٹ قرار دے کر آئے روز اپنی بزنس قائم کر رہے ہیں ۔ لیکن خود چترال کے لوگوں کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگتی ۔ چترال کا مستقبل تابناک ہے ۔ اگر چترال کے لوگوں نے اس موقع سے فائدہ اُٹھانے کیلئے ابھی سے منصوبہ بندی نہیں کی ۔ تو کف افسوس ملنے کے سوا کچھ نہیں ہو گا ۔ چترال کے نوجوانوں کو کاروبار اور ٹیکنکل کاموں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ اور ان ہی کی وجہ سے وہ باعزت زندگی گزارنے کے قابل ہو سکیں گے ۔ سرتاج احمد خان نے بیرونی دُنیا میں کام کرنے والے چترالیوں سے اپیل کی ۔ کہ وہ چترال میں انڈسٹری لگانے پر توجہ دیں ۔ اور ٹورزم میں سرمایہ کاری کریں ۔ کیونکہ موجودہ حکومت ایسے افراد کی مدد فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ سی پیک منصوبے سے ہم اُس وقت استفادہ حاصل کر سکیں گے ۔ جب اپنے ذہن کو کاروبار کیلئے تیار کریں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ مجھے خوشی ہوتی ہے ۔ جب میں چترال کے کسی نوجوان کو کاروبار کرتے دیکھتا ہوں ۔ جو اپنے اور اپنے خاندان کو سپورٹ کرنے کیلئے محنت کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال کے لوگ کاروبار کے فروغ میں دوسرے غیر مقامی لوگوں کی طرح ایک دوسرے کی مدد کریں ۔ سرتاج احمد خان نے چترال گروپ آف ٹریڈنگ کے سربراہ فضل رزاق اور اُن کی ٹیم کی تعریف کی ۔ اور چترال چیمبر آف کامرس کی طرف سے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں