393

خیبرپختونخوا میں رورل سپورٹ پروگرام دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق ہوگیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سرحد رورل سپورٹ پروگرام کے تعاون سے صوبے میں رورل سپورٹ پروگرام دوبارہ شروع کرنے اور اسے توسیع دینے کی تجویز سے اصولی اتفاق کیا ہے اور اس مقصد کے لئے قابل عمل طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں سرحد رورل سپورٹ پروگرام کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر مسعود الملک کی سربراہی میں نمائندہ وفد نے وزیراعلیٰ خٰیبرپختونخوا محمود خان سے ملاقات کی۔

وفد کے دیگر اراکین میں احسان اللہ خان، شعیب سلطان ، اکرام خان، آفتاب ، جاوید خان اور منور ہمایون شامل تھے جبکہ صوبائی وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شا ہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ کو جنوبی ایشیاءمیں سوشل موبلائزیشن کے کامیاب تجربات، غربت کے خاتمے کے لئے پالیسی فریم ورک ، ادارہ جاتی طریقہ کار ، پاکستان میں رورل سپورٹ پروگراموں خصوصی طور پر سرحد رورل پروگرام کی سرگرمیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ سرحد رورل پروگرام خیبرپختونخوا کے 26اضلاع میں پہلے سے کام کر چکا ہے، سابقہ فاٹا کے نئے ضم شدہ اضلاع میں بھی انفراسٹرکچر موجود ہے جہاں مختلف نوعیت کے پروگراموں کا اجراءکیا جاسکتا ہے۔اس وقت صوبے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں تین مختلف سکیمیں موجود ہیں جن پر سرحد رورل پروگرام کے ذریعے عملدرآمد کیا جائیگا۔

اجلاس کو تجویز دی گئی کہ ادارے اور حکومت کے اشتراک سے رورل سپورٹ پروگرام کو مزید توسیع دی جائے اور اسے دوبارہ شروع کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے اس تجویز سے اصولی طور پر اتفاق کیا اور ہدایت کی کہ رورل سپورٹ پروگرام کے اجراء و توسیع کے قابل عمل ماڈل وضع کر کے پیش کیا جائے جو زیادہ دیر پا ، موثر اور نتیجہ خیز ہو۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگرچہ موجودہ سالانہ ترقیاتی پروگرام پہلے سے بن چکا ہے جس میں کسی بڑے منصوبے کی گنجائش موجود نہیں ہے تاہم صوبے میں چھوٹے پیمانے پر مختلف نوعیت کی سرگرمیاں شروع کی جاسکتی ہے جو غربت کے خاتمے میں مدد کر سکیں۔

انھوں نے کہا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ نئے اضلاع میں کمیونٹی موبلائزیشن اور کمیونٹی آرگنائزیشن کے قیام کے لئے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ۔

محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت شروع دن سے غربت کے خاتمے اور عام آدمی کی فلاح کیلئے کوشاں ہے۔ یہ واحد صوبائی حکومت ہے جس نے حقیقی معنوں میں اختیارات نچلی سطح تک منتقل کئے اور عوام کو فیصلہ سازی میں شریک ہونے کا موقع دیا تاکہ وہ اپنی ترقی کے فیصلوں میں براہ راست شریک ہو سکیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ انکی حکومت غریب آدمی کی فلاح سے وابستہ تمام تر کاوشوں اور تجاویز کی نہ صرف حوصلہ افزائی کر تی ہے بلکہ دستیاب وسائل کے مطابق عملدرآمد بھی یقینی بناتی ہے ، ہمارا حتمی مقصد معاشرے کے غریب خاندانوں کو انکے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں