174

کالاش ویلی بمبوریت میں گذشتہ دنوں کے دوران کئی دکانوں میں چوری کی وارداتیں

چترال ( محکم الدین ) کالاش ویلی بمبوریت میں گذشتہ دنوں کے دوران کئی دکانوں میں چوری کی وارداتیں ہوئی ہیں ۔ اور دکانداروں کو ہزاروں روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے ۔ نامعلوم چور رات کے وقت مختلف مقامات پر دکانوں کے تالے توڑ کر سامان اور نقدی چوری کرتے ہیں ۔ اور ابھی تک مبینہ طور پر دس دکانوں میں چوری کی وارداتیں ہوئی ہیں ۔ جس سے دکانداروں کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے ۔ متاثرین میں مُلا کالاش ، وقار احمد ، صدام ، اعجاز ، حسین ، شریف احمد ، نور محمد ، قادر احمد ، تنویر احمد اور گجر برادری کا ایک دکاندار شامل ہے ۔ متاثرین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا ، کہ دس دن پہلے دو دکانوں میں چوری کی واردات ہوئی تھی ۔ اور چور دکان کے تالے توڑ کر اشیاء خوردو نوش ، سگریٹ اور نقدی لے گئے تھے ۔ جسے پولیس تھانہ بمبوریت کے نوٹس میں لایا گیا ۔ تاہم ایک ہفتہ گذرنے کے باوجود اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ۔ نہ کسی کو پکڑا گیا ۔ اور نہ مال مسروقہ برآمد کئے گئے ۔ اس پر چوروں کو تقویت ملی ۔ اور انہوں نے مزید تالے توڑ کر آٹھ دکانوں پر ہاتھ صاف کیا ۔ اور دکانداروں کو اشیاء خورودونوش اور کیش کی صورت میں ہزاروں کا نقصان پہنچایا ۔ دکانداروں نے کہا ۔ کہ آئے روز کی ڈاکہ زنی اور چوری سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل رہی ہے ۔ جس کا پولیس کی طرف سے سد باب ہونا چاہیے ۔ کیونکہ بمبوریت سیاحتی علاقہ ہے یہاں ہزاروں لوگ سیاحت کی غرض سے آتے ہیں ، ان چوروں کو اگر گرفتار کرکے سزا نہ دی گئی ۔ تو بہت بڑے نقصان سے دوچار ہونا پڑے گا ۔ جو کہ علاقے کی بدنامی کا باعث ہو گا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ پولیس اس بات پر زور دے رہی ہے ۔ کہ ہر دکاندار اپنے دکان کی حفاظت کیلئے دکان ہی میں سوئے ۔ جو کہ سب کیلئے ممکن نہیں ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا ۔ کہ چوروں کو بے نقاب کیا جائے ۔ اور اُن کو قرار واقعی سزا دے کر آیندہ کیلئے علاقے کو محفوظ بنایا جائے ۔ اس حوالے سے جب تھانہ بمبوریت میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی گئی ۔ تو اُن کا کہنا تھا ۔ کہ وہ اس حوالے سے تفتیش کر رہے ہیں اور بہت جلد ان چوروں کو گرفتار کیا جائے گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں