183

سابق صدر پرویز مشرف نے خصوصی عدالت کا اپنے خلاف سنگین غداری کیس کا فیصلہ محفوظ کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

سابق صدر پرویز مشرف نے خصوصی عدالت کا اپنے خلاف سنگین غداری کیس کا فیصلہ محفوظ کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔پرویز مشرف کے وکیل خواجہ احمد طارق رحیم نے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ خصوصی عدالت نے 19 نومبر کو مؤقف سنے بغیر غداری کے مقدمے کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔ پرویز مشرف بیماری کی وجہ سے بیرون ملک مقیم ہیں، اسی وجہ سے وہ مؤقف پیش نہیں کرسکے، استدعا ہے کہ خصوصی عدالت کا فیصلہ محفوظ کرنے کا اقدام معطل کیا جائے اور سنگین غداری مقدمے پر سماعت پرویز مشرف کے تندرست ہونے تک مؤخر کی جائے۔مزید استدعا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کی صحت کے تعین کے لئے غیر جانبدار میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔واضح رہے کہ 19 نومبر کو اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا جو 28 نومبر کو سنایا جانا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پرویز مشرف کے خلاف آئین شکنی کا مقدمہ 2013ء میں درج کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں