191

نوجوانوں کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھارہے ہیں،عاطف خان

پشاور/خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے سیاحت ویوتھ افئیرز عاطف خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھارہے ہیں اس ضمن میں وفاقی سطح پر کامیاب جوان پروگرام کے نام سے 100 ارب روپے کا پروگرام شروع کیا گیا ہے۔شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی میں کامیاب جوان پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت صوبائی سطح پر بھی نوجوانوں کو باروزگار بنانے کے لئے 5 ارب روپے آسان شرائط پر قرضے کا پروگرام شروع کررہا ہے جس میں 3 ارب روپے ضم شدہ اضلاع جبکہ دو ارب روپے صوبے کے باقی اضلاع کے نوجوانوں کو فراہم کئے جائینگے۔ اسکے علاوہ صوبے میں 14 نئے سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر کے لئے 5 ارب روپے کی منظوری دی جا چکی ہے۔سینئر وزیر نے کہا کہ پاکستان میں 60 فیصد سے زائد نوجوان ہیں، اور یہ نوجوان پاکستان کی طاقت ہے، کامیاب جوان پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو باروزگار بناناہے،پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو نہ صرف سرمایہ فراہم کیا جائیگا بلکہ کاروباری تربیت بھی دی جائیگی، خیبر پختون خوا حکومت نے پچھلے دور حکومت میں نوجوانوں کو باروزگار بنانے کے لئے 50 کروڑ روپے کی گرانٹ فراہم کی ہے، گرانٹ حاصل کرنے والے نوجوان اب نہ صرف خود باروزگار ہیں بلکہ دوسرے نوجوانوں کوبھی باروزگار بنایا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں