199

چترالی نوجوان نے ہاتھ سے پورا قرآن پاک لکھنے کا اعزاز حاصل کیا

  آج کے جدید مشینی اور کمپیوٹرائزڈ دور میں جہاں انواع و اقسام کے کتابت کے طریقے استعمال کئے جاتے ہیں اور ہاتھ سے کتابت کا فن معدوم ہوتا جارہا ہے، ایسے میں ضلع چترال کے خوبصورت گاؤں ایون سے تعلق رکھنے والے 33سالہ نوجوان محسن جعفر ولد جعفر علی نے ہاتھ سے قرآن پاک تحریر کرنے کا منفرد اعزاز حاصل کرلیا۔ اطلاعات کے مطابق ضلع چترال میں یہ پہلا نوجوان ہے جنہوں نے مسلسل جدوجہد اور انتھک محنت کے بعد دو سال کے قلیل مدت میں قرآن مجید کا نسخہ تیار کرلیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوجوان محسن جعفر کا دعوی ہے کہ ہاتھ سے قرآن پاک تیار کیا جانے والا یہ نسخہ واحد ہے جو ایک ہی انسان کے ہاتھ سے بنا، اس میں کسی کی مدد شامل نہیں بلکہ سب میری اپنی کاو ش ہے۔ کبھی دو سطریں تو کبھی تین سطریں بنتی تھی کیونکہ پہلے یہ کام تو آسان نہیں تھا دوسرا لفظ کو پڑھنا تھا اسلئے اعراب کا بہت خیال رکھا کہ کہی کوئی غلطی نہ ہوجائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسے عشق کی حد تک قرآن پاک سے لگاؤ ہے اور اسی عشق قرآن نے اسے اللہ کے کلام کو اپنے ہاتھ سے لکھنے کی ہمت اور توفیق عطا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نے کتاب اللہ کی تحریر کا آغاز جنوری 2018ء میں کیا اور آخری آیات 19جنوری 2020کو لکھ کر اپنے ہاتھ سے قرآن پاک کی تحریر کا عظیم مشن مکمل کرلیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس کے ہاتھ سے لکھے قرآن پاک کے 725صفحات ہیں اور یہ تحریر محض اللہ کی توفیق سے ممکن ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں