254

مولانا عبدالاکبر چترالی نے شندور کو گلگت بلتستان کا حصہ قرار دینے کیخلاف توجہ دلاؤ نوٹس قومی اسمبلی جمع کرادیا

جماعت اسلامی کے ممبر قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی نے شندور کو گلگت بلتستان کا حصہ قرار دینے کے خلاف توجہ دلاؤ نوٹس قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادیا۔ بدھ کو تفصیلات کے مطابق توجہ دلاؤ نوٹس میں مولانا عبدلاکبر چترالی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ شندور چترال کا حصہ ہے، وزیر اعظم کی جانب سے شندور کو نیشنل پارک قرار دینے کے بعد اسے گلگت بلتستان کا حصہ قرار دینا آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے۔ حکومت کے اس اقدام سے چترالی عوام میں شدید غم و غصہ اور اشتعال پایا جاتا ہے۔ مولانا عبدالاکبر چترالی نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرانے کے بعد اپنے جاری بیان میں کہا کہ شندور کو گلگت بلتستان کا حصہ بنانے کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ شندور قدیم زمانے سے لاسپور کے عوام کی گرمائی چراگاہ ہے، جہاں کئی سو سال پہلے کی بنی رہائش گاہیں موجود ہیں۔ شندور زمانہ قدیم سے چترال کا حصہ ہے اور آئندہ بھی چترال ہی کا حصہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے مجوزہ نیشنل پارکس کی فہرست میں اسے ہندراپ کے ساتھ ملاکر گلگت بلتستان کا حصہ ظاہر کرنا ہمارے گھر پہ قبضہ کرنے کے مترادف ہے، وزیر اعظم کی مجوزہ فہرست میں اسے متنازعہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں