449

محمد علی سدپارہ نے ملک و قوم کا نام روشن کرنے کے لئے اپنی جان خطرے میں ڈالی۔ پوری قوم انکی گمشدگی پر افسردہ اور انکی اور ان کے ساتھیوں کی بحفاظت واپسی کے لئے دعاگو ہے /سعدیہ دانش

گلگت/ پیپلزپارٹی کی رکن گلگت بلتستان اسمبلی و صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ محمد علی سدپارہ نے ملک و قوم کا نام روشن کرنے کے لئے اپنی جان خطرے میں ڈالی۔ پوری قوم انکی گمشدگی پر افسردہ اور انکی اور ان کے ساتھیوں کی بحفاظت واپسی کے لئے  دعاگو ہے۔ محمد علی سدپارہ کا حوصلہ اور عزم کے ٹو سے کہیں زیادہ بلند تھا اس لئے وہ سرمائی موسم میں اس خطرناک مشن پر روانہ ہوئے۔ محمد علی سدپارہ جیسے لوگ پوری دنیا میں قوم کا مثبت چہرہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج کی جانب سے لاپتہ ہونے والے محمد علی سدپارہ اور انکے ساتھیوں کی تلاش کے لئے کئے جانے والے ریسکیو آپریشن پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ آرمی ایوی ایشن کی جانب سے ناسازگار موسمی حالات کے باوجود مسلسل ریسکیو آپریشن کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ علی سدپارہ ہیرو تھے ہیرو ہیں اور ہیرو رہیں گے۔ جس طرح پوری دنیا سمٹ کر K2 کے گرد گھوم رہی ہے اور ہر شخص رنگ ،نسل، زبان، مذہب اور سرحدوں سے بالاتر ہو کر آپ اور آپ کے ساتھیوں کی واپسی کے لئے دعا گو ہے یہی اس بات کی گواہی ہے کہ محمد علی سدپارہ نے K2 کو تسخیر کیا اور آج پوری دنیا کی دعاؤں کا مرکز گلگت بلتستان کے سدپارہ گاوں کا وہ جری جوان بن گیا ہے جس کو یہ پتا تھا کہ اس مشن میں پہاڑوں کے اس بیٹے کو K2 اپنی آغوش میں سلا بھی سکتی ہے اور علی سدپارہ نے اپنی راہ دیکھنے والی دنیا کو مڑ کر دیکھنے کی بجائے اپنی اس ماں کی آغوش میں پناہ لینے کو ترجیح دی۔ جدید سہولیات اور سرکاری سرپرستی نہ ہونے کے باوجود علی سدپارہ جیسے بہادر کوہ پیما اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ملک و قوم کا نام پوری دنیا میں مشہور کرنے کے لئے پْر خطر مہم جوئی کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا  گلگت بلتستان میں علی سدپارہ کے نام سے  ایک ماؤنٹینئرنگ ٹریننگ سکول قائم کرنا وقت کی ضرورت ہے جس کے ذریعے اس پر خطر پیشے سے وابستہ افراد کی مشکلات کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ  باضابطہ طور پر ٹریننگ بھی مل سکے۔ علی سدپارہ پاکستان کے ہیرو ہیں ان کو  اور انکے بیٹے کو اعلیٰ سول ایوارڈ سے نوازا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں