257

گزشتہ دو ہفتوں سے شیڑی کےمقام پر پہاڑی کے ٹوٹ کر نیچے سڑک پر گرنے کا سلسلہ جاری ہے…قاری جمال عبدالناصر

چترال ( نمائندہ ) جمعیت علمائے اسلام لویر چترال کے سینئر نائب امیر قاری جمال عبدالناصر نے ایون گاؤں کے سامنے شیڑی کے مقام پر پہاڑی کے ٹوٹ جانے اور چترال پشاور روڈ کے لئے بننے والے خطرے پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی مجرمانہ خاموشی اور غفلت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس خدشے کا اظہارکیا ہے کہ اس پہاڑی کے اچانک ٹوٹ جانے کی وجہ سے کسی بھی وقت بڑا حادثہ رونما ہوسکتا ہے جس میں اس مقام سے گاڑی میں گزرنے والے مسافروں کو خطرہ درپیش ہے۔ چترال پریس کلب میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گزشتہ دو ہفتوں سے اس مقام پر پہاڑی کے ٹوٹ کر نیچے سڑک پر گرنے کا سلسلہ جاری ہے جس سے موٹر گاڑیوں کی ٹریفک بھی متاثر ہورہی ہے لیکن این ایچ اے کے حکام مکمل طور پر خاموشی کا لبادہ پہن رکھے ہیں جوکہ افسوسناک اور پی ٹی آئی حکومت کے لئے باعث شرمندگی ہے۔ انہوں نے کہاکہ متاثرہ مقام پر گرنے کے قریب چٹانوں کو گراکر اس خطرے کو دورکرنے کی ضرورت ہے اور اس عرصے میں ٹریفک کو ایون کی طرف  بھی کیا جاسکتا ہے۔ قاری جمال عبدالناصر نے حکومت کوتنبیہ کرتے ہوئے کہاکہ اگر خدانخواستہ کوئی حادثہ رونما ہوا تو انسانی جانوں کے ضیاع پر حکومت اور این ایچ اے کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں