68

یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ الیکشن کا میدان مار لیا، عبدالحفیظ شیخ کو شکست

اسلام آباد:  سینیٹ الیکشن میں پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے عبدالحفیظ شیخ کو شکست دیدی ہے۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے عبدالحفیظ شیخ کو پانچ ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ انہوں نے 169 ووٹ لئے جبکہ حکومتی امیدوار کے حصے میں 164 ووٹ آئے۔ سینیٹ الیکشن میں ٹوٹل 340 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 7 ووٹ مسترد کر دیئے گئے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں خواتین کی نشست پر تحریک انصاف کی امیدوار فوزیہ ارشد نے 174 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ مسلم لیگ ن کی امیدوار فرزانہ کوثر نے 161 ووٹ لئے، اس انتخاب میں 5 ووٹ ضائع ہوئے۔

عبدالحفیظ شیخ اور یوسف رضا گیلانی کے درمیان مقابلے کو ہی اپوزیشن اور حکومت کے درمیان سب سے بڑا اور اہم مقابلہ قرار دیا جا رہا تھا۔

سینیٹ کی 37 خالی نشستوں پر انتخابات کے لئے پولنگ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخواکی صوبائی اسمبلیوں میں ہوئی۔ پولنگ کا عمل صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہا۔

قومی اسمبلی میں رکن اسمبلی شفیق آرائیں نے پہلا ووٹ جبکہ اس کے بعد فیصل واوڈا نے ووٹ ڈالا۔ وزیر اعظم عمران خان نے بھی اپنا ووٹ ڈالا جنہوں نے اسمبلی ہال میں آمد کے دوران پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے ارکانِ قومی اسمبلی کے ساتھ ملاقات بھی کی۔

وفاقی دارالحکومت میں پاکستان تحریک انصاف کے عبدالحفیظ شیخ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سید یوسف رضا گیلانی جنرل نشست پر انتخاب لڑ رہے تھے جبکہ خواتین کی نشست پر پاکستان تحریک انصاف کی فوزیہ ارشد اور پاکستان مسلم لیگ ن کی فرزانہ کوثر مدِمقابل آئیں۔

خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی بارہ نشستوں کیلئے پچیس امیدوار، بلوچستان سے چھبیس امیدوار اور صوبہ سندھ سے سترہ امیدوار میدان میں اترے

Print Friendly, PDF & Email