332

چترال میں پہلی مرتبہ ڈینگی بخار کا مثبت کیس سامنے آیا ہے

چترال (نمائندہ ) چترال میں پہلی مرتبہ ڈینگی بخار کا مثبت کیس سامنے آیا ہے جس میں مبتلا ایک نوعمر طالب علم ہے جس کا تعلق گرم چشمہ کے نواحی گاؤں نارکوریت سے ہے جس نے گزشتہ تین ماہ سے ضلع سے باہر کا سفر بھی نہیں کیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ذرائع کے مطابق نارکوریت سے تعلق رکھنے والے 19سالہ آفتاب عالم کو منگل کی صبح تیز بخار کی شکایت ہونے پر ہسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان میں ڈینگی بخار کے علامات دیکھتے ہوئے ڈینگی کا ٹیسٹ کرایا جس میں نتیجہ مثبت آیا۔ انہیں ہسپتال کے جنرل وارڈ میں داخل کیا گیا ہے جبکہ ان کے بیڈ کے اوپرمچھرد انی لگائی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ اس سے قبل بھی دو افراد کو ڈینگی بخار میں مبتلا پائے گئے تھے لیکن وہ ایک ہفتے کے اندر پشاور اور سوات سے ہو آئے تھے۔ ڈپٹی کمشنر لویر چترال حسن عابد نے رابطہ کرنے پر بتایاکہ انہوں نے محکمہ صحت کے پبلک ہیلتھ کوارڈینیٹرکو ہدایات جاری کردی ہے کہ مریض کے گاؤں کا معائنہ کرکے ڈینگی مچھر کے لاورا کی موجودگی کا جائزہ لینے کے ساتھ گرم چشمہ کے پوری ایریا میں دھونی دی جائے جہاں آلو کا سیزن ہونے کی وجہ سے ڈاؤن کنٹری سے بڑی تعداد میں تاجر اور ٹرک ڈرائیور اور کنڈکٹر میں گرم چشمہ آتے ہیں جوکہ اس کا سبب بن سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں